افغان فورسز کی جارحیت کے خلاف سوات، باجوڑ اور بلوچستان کے قبائل کا پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی، مل کر مقابلہ کرنے کا عزم

افغان فورسز کی جارحیت کے خلاف سوات، باجوڑ اور بلوچستان کے قبائل کا پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی، مل کر مقابلہ کرنے کا عزم

افغانستان کی فورسز کی جانب سے سرحدی جارحیت کے بعد پاکستان بھر میں عوامی سطح پر پاک فوج کی مؤثر اور بروقت جوابی کارروائی کو سراہا جا رہا ہے۔

خیبرپختونخوا کے اضلاع سوات اور باجوڑ سے لے کر بلوچستان کے سرحدی علاقوں برابچہ اور دلبندین تک، عوام اور قبائل نے افواجِ پاکستان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور افغانستان کو واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان کسی صورت کمزور نہیں ہے، پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل کی بےباک قیادت میں پاکستان نے افغانستان کی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دیا، صدر، وزیراعظم پاکستان

’ ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے‘

سوات اور باجوڑ کے عوام نے پاک فوج کی کارروائیوں کو ’قومی غیرت‘ کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ ہماری افواج اس قابل ہیں کہ وہ دشمن کو منہ توڑ جواب دے سکیں۔ مقامی افراد نے کہا کہ ’ہماری افواج نے بھرپور اور بروقت جواب دے کر دشمن کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا۔ ہم عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں‘۔

’ہم نے افغان بھائیوں کو سہارا دیا، مگر دشمنی قبول نہیں‘

عوام کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغان مہاجرین کو دہائیوں تک پناہ دی، انہیں کھانا، کپڑا، رہائش اور روزگار فراہم کیا، جو کہ خالص انسانیت اور اسلامی بھائی چارے کی بنیاد پر کیا گیا، لیکن افغانستان کی جانب سے دشمنی اور جارحیت ناقابلِ قبول ہے۔

ایک بزرگ قبائلی رہنما کا کہنا تھا کہ ’افغانستان کو یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستان کوئی کمزور ملک نہیں، ہم ایٹمی طاقت ہیں اور اپنی سرحدوں کے دفاع کے لیے ہم ہر حد تک جا سکتے ہیں‘۔

بلوچستان کے غیور قبائل کا پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہونے کا اعلان

دریں اثنا، بلوچستان کے سرحدی قبائل نے بھی پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بارڈر پر جانے کی خواہش ظاہر کی۔ برابچہ اور دلبندین کے غیور بلوچ قبائل نے کہاکہ ’ہم صرف الفاظ نہیں، عملی طور پر پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا چاہتے ہیں‘۔

مزید پڑھیں:پاک فضائیہ کی بڑی کارروائی، اسپین بولدک میں افغان فورسز کے مرکز پر بمباری، متعدد چیک پوسٹیں تباہ، 19 پر قبضہ

قبائلی عمائدین نے خبردار کیا کہ اگر افغانستان نے دوبارہ کسی قسم کی جارحیت کی کوشش کی تو نہ صرف پاک فوج، بلکہ بلوچستان کے عوام بھی سیسہ پلائی دیوار بن کر دشمن کے سامنے کھڑے ہوں گے۔

قومی یکجہتی کا مظاہرہ

ملک بھر سے اٹھنے والی آوازیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ ہے اور ملک کی سلامتی، خودمختاری اور سرحدوں کے تحفظ کے لیے متحد ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، یہ قومی یکجہتی اور عوامی حمایت پاکستان کی طاقت کا اصل مظہر ہے، جو ہر دشمن کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ پاکستان کی سرحدوں کی خلاف ورزی کی کسی بھی کوشش کو سختی سے کچلا جائے گا۔

حکام کے مطابق بارڈر کی صورتحال پر مکمل نظر رکھی جا رہی ہے اور پاک فوج ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *