پاکستان آرمی کا پیشہ ورانہ مہارت میں بڑا اعزاز، کیمبرین پٹرول 2025 میں گولڈ میڈل جیت لیا

پاکستان آرمی کا پیشہ ورانہ مہارت میں بڑا اعزاز، کیمبرین پٹرول 2025 میں گولڈ میڈل جیت لیا

پاکستان آرمی نے دنیا کی مشکل ترین فوجی مشقوں میں شمار ہونے والی کیمبرین پٹرول 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔ یہ عالمی مقابلہ 3 سے 13 اکتوبر تک برطانیہ کے علاقے ویلز میں منعقد ہوا، جس میں دنیا بھر سے بہترین تربیت یافتہ افواج کی ٹیموں نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، اس سال مشق میں 36 ممالک کی 137 ٹیموں نے حصہ لیا، جن میں سے پاکستان آرمی کی ٹیم نے کیپٹن محمد سعد کی قیادت میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ٹیم نے انتہائی دشوار گزار اور سرد علاقوں میں صرف 48 گھنٹوں کے اندر 60 کلومیٹر سے زیادہ فاصلہ طے کیا۔ اس دوران فوجی جوانوں نے کئی طرح کے پیچیدہ اور حقیقی جنگی حالات میں کیے جانے والے عسکری فرائض بھی کامیابی سے مکمل کیے۔

یہ بھی پڑھیں:آرمی چیف سید عاصم منیر عالم اسلام کے لیے اُمید کی کرن بن کر ابھرے ہیں، عبدالعلیم خان

کیمبرین پٹرول کو نیٹو اور غیر نیٹو ممالک کے درمیان ہونے والا ایک ایسا مقابلہ سمجھا جاتا ہے جو افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، ذہنی اور جسمانی برداشت، جنگی حکمتِ عملی، اور ٹیم ورک کا سخت امتحان ہوتا ہے۔ ان مشقوں میں صرف تیز رفتاری ہی نہیں، بلکہ ہر مرحلے پر درست عسکری فیصلے، قیادت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ بھی کامیابی کے لیے لازمی سمجھا جاتا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان آرمی کی اس کامیابی نے نہ صرف پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے مزید اجاگر کیا ہے بلکہ یہ پوری قوم کے لیے بھی باعثِ فخر ہے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ’یہ فتح اس عزم کا اظہار ہے کہ پاک فوج اپنی پیشہ ورانہ مہارت، جدید تربیت، اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ ہمیشہ وطن عزیز کا پرچم بلند رکھے گی‘۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ پاکستان آرمی نے کیمبرین پٹرول میں اعلیٰ کارکردگی دکھائی ہو۔ ماضی میں بھی پاکستان کی ٹیموں نے اس مشق میں گولڈ اور سلور میڈلز جیت کر دنیا بھر میں اپنی قابلیت کا اعتراف کروایا ہے۔ 2025 میں ایک بار پھر پاکستان آرمی کی کامیابی نے ثابت کر دیا ہے کہ پاک فوج دنیا کی بہترین افواج میں شامل ہے۔

کیمبرین پٹرول کیا ہے؟

کیمبرین پٹرول، برطانوی فوج کی جانب سے ہر سال منعقد کی جانے والی ایک بین الاقوامی ملٹری مشق ہے، جو ویلز کے پہاڑی اور دشوار گزار علاقوں میں ہوتی ہے۔ اسے جنگی مشقوں کا ’اولمپک‘ بھی کہا جاتا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد دنیا کی افواج کو ایک حقیقی اور سخت جنگی ماحول فراہم کرنا ہوتا ہے، جہاں ان کی جسمانی طاقت، ذہنی صلاحیت اور فوجی حکمتِ عملی کا امتحان لیا جاتا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *