ملک بھر میں سونا مزید مہنگا ، مزید اضافے سے نئی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، فی تولہ سونے کی نئی قیمت 5500 روپے کے اضافے کے بعد 4 لاکھ 28 ہزار 200 روپے ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آل سندھ صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن نے بتایا کہ کاروباری ہفتے کے پہلے روز سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ ہوا جس سے فی تولہ سونے کی قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
آل سندھ صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج ملک میں 24 قیراط سونے کی قیمت میں 5 ہزار 500 روپے کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 28 ہزار 200 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
آل سندھ صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 4 ہزار 715 روپے کا اضافہ ہوا جس سے نئی قیمت 3 لاکھ 67 ہزار 112 روپے ہوگئی ہے جو گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز 3 لاکھ 62 ہزار 397 روپے تھی۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قدر میں 55 ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد فی اونس سونے کی قیمت 4 ہزار 71 ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
اسی طرح، 10 گرام چاندی کی قیمت میں 147 روپے کا اضافہ ہوا جس سے نئی قیمت 4 ہزار 498 روپے ہوگئی ہے جبکہ عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت 51.60 ڈالر پر آگئی ہے۔
سونے کی قیمتوں میں اس تیزی کی وجوہات میں امریکی ڈالر کی کمزوری، عالمی سطح پر مرکزی بینکوں کی طرف سے خریداری، سیاسی بے یقینی، اور امریکا میں حکومت کی جزوی بندش شامل ہیں۔
ماہرین یوکرین پر روسی حملوں کے بعد ماسکو کے اثاثوں کے منجمد ہونے کو بھی عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کی ایک وجہ گردانتے ہیں۔
دنیا بھرمیں سونے کے ذخائر کے حوالے سے امریکا پہلے نمبر پرہے جبکہ ایشیا میں یہ اعزاز چین کے پاس ہے، بھارت عالمی سطح پر آٹھویں اورایشیا میں دوسرے نمبر پر ہے، پاکستان عالمی فہرست میں 49 ویں نمبر ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا، جرمنی اور اٹلی سونے کے ذخائر کے حوالے سرفہرست ہیں، ایشیاء میں چین اور بھارت سونے کے سب سے زیادہ ذخائر رکھتے ہیں۔
ورلڈ گولڈ کونسل کے مطابق مختلف ممالک کے مرکزی بینکوں نے 2024ء میں 1,000 میٹرک ٹن سے زائد سونا خریدااور پچھلی دہائی کی اوسط سالانہ خریداری کے تقریباً دگنا کے برابر ہے۔