ملک میں مہنگائی کا طوفان، راستے بند ہونے کے سبب ملک بھر میں اشیا ضروریہ اور سبزیوں کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر لاہور میں ٹماٹر 700 ، پیاز آلو 100، بھنڈی 254 ، بند گوبھی 260، ٹینڈا 250 ، مٹر 400، کدو 160 ، شملہ مرچ 180 روپے میں فروخت ہورہے ہیں۔
اسی طرح دال ماش 520، چنے 480، باسمتی چاول 380، چینی 190 ، سرخ مرچ 800 ، گھی درجہ اول 560 روپے کلو تک پہنچ گیا۔
یہی نہیں آٹے ، مرغی اور دودھ کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں ، چکی آٹا 130 ، مرغی کا گوشت 600 روپے کلو، تازہ دودھ 250 روپے لیٹر میں فروخت کیا جارہا ہے، اتوار بازار بھی مہنگائی کی لپیٹ میں آچکے ہیں۔
مہنگائی کی اس لہر نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے اگر قیمتوں کو لگام نہ دی گئی تو چولہا جلانا بھی خواب بن جائے گا۔
واضح رہے کہ لاہور شہر میں امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کے خدشے کے پیش نظر شہر کے متعدد مقامات کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔
مانگا منڈی کے مقام پر ملتان روڈ بھی دونوں اطراف سے بند جبکہ ایوان عدل سے پوسٹ ماسٹر جنرل جانے والے راستے بھی بند ہیں، چونگی دوگیج پر بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لئے رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں۔
لاہور سے اسلام آباد، عبدالحکیم اور سیالکوٹ جانے والی موٹر ویز بھی بند ہیں، چونگی امر سدھو پر دونوں اطراف میں رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں، داروغہ والا سے سلامت پورہ دونوں اطراف سے سڑک بند ہے۔
ٹھوکر نیاز بیگ سے بابو صابو جانے والا راستہ بند ہے اور کرول گھاٹی سے رنگ روڈ کو بھی بند کر دیا گیا، للیانی بھی دونوں اطراف سے بند ہے جبکہ سمن آباد سے سکیم موڑ جانے والا راستہ بھی رکاوٹیں لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔