واٹس ایپ صارفین کے لیے خوشخبری ، واٹس ایپ کی جانب سے اسٹیٹس فیچر میں ایک نیا اور کارآمد اضافہ کیا گیا ہے۔
معروف ویب سائٹ WABetaInfo کے مطابق، یہ فیچر فی الحال واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا (Beta) ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے، اور جلد ہی مزید صارفین کو دستیاب ہوگا۔
اس نئے فیچر کے ذریعے صارفین کو ان مخصوص کانٹیکٹس کی جانب سے اسٹیٹس پوسٹ کیے جانے پر فوری نوٹیفکیشن موصول ہوگا، جنہیں وہ خود منتخب کریں گے۔
اس سے قریبی دوستوں یا اہل خانہ کے اسٹیٹس اپڈیٹس بروقت دیکھنا ممکن ہو جائے گا۔
بیٹا ورژن استعمال کرنے والے صارفین اگر یہ فیچر ایکٹیویٹ کرنا چاہیں تو انہیں صرف متعلقہ کانٹیکٹ کا اسٹیٹس اوپن کرنا ہوگا، پھر اوور فلو مینو (تین نقطوں والا مینو) سے “Get Notifications” کا انتخاب کرنا ہوگا۔
ایک بار تصدیق کے بعد، جب بھی اس کانٹیکٹ کی جانب سے نیا اسٹیٹس شیئر کیا جائے گا، صارف کو نوٹیفکیشن موصول ہوگا۔
اس حوالےسےدلچسپ بات یہ ہے کہ اگر اسٹیٹس میں کوئی تصویر یا ویڈیو شامل ہو تو نوٹیفکیشن میں اس کا چھوٹا پریویو بھی دکھائی دے گا، تاکہ صارفین ایپ کھولے بغیر بھی اپڈیٹ کا اندازہ لگا سکیں۔ تاہم، اگر صارف چاہے تو اسی مینیو سے نوٹیفکیشنز کو بعد میں میوٹ بھی کر سکتا ہے۔
فی الحال یہ فیچر بیٹا ورژن تک محدود ہے، اور یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ اسے تمام صارفین کے لیے کب جاری کیا جائے گا۔ تاہم، امکان ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں یہ فیچر مزید بیٹا صارفین تک پہنچا دیا جائے گا۔