سونے کی عالمی اور مقامی سطح پر قیمتوں میں اچانک نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں منگل کے روز فی اونس سونے کی قیمت میں 69 ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 4 ہزار 140 ڈالر فی اونس کی سطح پر پہنچ گئی۔
پاکستانی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔ مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونا 5,800 روپے کے اضافے سے 440,900 روپے کا ہو گیا ہے، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 4,972 روپے بڑھ کر 378,000 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
عالمی سطح پر سونے اور چاندی کی قیمتوں میں یہ اضافہ امریکی شرحِ سود میں ممکنہ کمی اور چین کے ساتھ بڑھتی ہوئی تجارتی کشیدگی کے باعث سامنے آیا ہے۔ بدھ کے روز عالمی مارکیٹ میں سپاٹ گولڈ کی قیمت 0.8 فیصد اضافے کے بعد 4,173 ڈالر فی اونس ہو گئی، جب کہ ایک موقع پر یہ قیمت 4,186 ڈالر فی اونس تک بھی جا پہنچی۔
چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں چاندی 0.3 فیصد اضافے کے ساتھ 51.60 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی، جب کہ منگل کے روز یہ 53.60 ڈالر فی اونس تک جا پہنچی تھی، جو ایک نیا ریکارڈ تھا۔
مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی کی قیمت 90 روپے بڑھ کر 5,337 روپے اور 10 گرام چاندی کی قیمت 77 روپے اضافے کے ساتھ 4,575 روپے ہو گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں تیزی اور سپلائی میں کمی کے باعث چاندی کی قیمت بھی متاثر ہوئی ہے۔ سرمایہ کاروں نے موجودہ غیر یقینی معاشی حالات میں سونا اور چاندی خریدنے کو ترجیح دینا شروع کر دی ہے۔
رائٹرز کے مطابق، قیمتوں میں اس اضافے کی سب سے بڑی وجہ امریکہ کی شرح سود میں ممکنہ کمی اور چین کے ساتھ جاری تجارتی کشیدگی ہے، جس کی وجہ سے سرمایہ کار محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر قیمتی دھاتوں کا رخ کر رہے ہیں۔