پاک سعودی دفاعی معاہدے کو 90 فیصد پاکستانیوں کی حمایت حاصل، گیلپ سروے

پاک سعودی دفاعی معاہدے کو 90 فیصد پاکستانیوں کی حمایت حاصل، گیلپ سروے

گیلپ پاکستان کے تازہ ترین سروے کے مطابق پاکستانی عوام کی اکثریت نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے دفاعی معاہدے پر خوشی اور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

سروے کے نتائج کے مطابق 90 فیصد پاکستانیوں نے اس معاہدے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی بھرپور حمایت کی۔ عوام کی ایک بڑی تعداد نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔

گیلپ سروے کے مطابق 79 فیصد پاکستانیوں نے سعودی عرب کے دفاع کے لیے پاک فوج کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ظاہر کیا۔ اسی طرح 84 فیصد شرکاء نے کہا کہ وہ سعودی عرب کی حفاظت کے لیے پاک فوج کی ممکنہ کارروائیوں کی حمایت کریں گے۔

جب شہریوں سے پوچھا گیا کہ اس دفاعی معاہدے سے پاکستان کو کیا فائدہ ہوگا، تو 29 فیصد نے کہا کہ اگر پاکستان پر کسی ملک کی جانب سے حملہ ہوا تو سعودی عرب اس کی حمایت کرے گا، جبکہ 23 فیصد نے رائے دی کہ اس معاہدے سے پاکستان کی عالمی سطح پر ساکھ بہتر ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان انسداد کرپشن ، منی لانڈرنگ اور اثاثہ جات کی واپسی کا تاریخی معاہدہ

سروے میں یہ بھی بتایا گیا کہ 23 فیصد پاکستانیوں کا خیال ہے کہ اس معاہدے سے سعودی سرمایہ کاری میں اضافہ اور دیگر معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔ 22 فیصد کے مطابق اس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ 6 فیصد نے کہا کہ دفاعی مشقوں، تربیت اور جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے سے پاکستان کو فائدہ پہنچے گا۔

گیلپ کے مطابق 76 فیصد پاکستانیوں نے اس معاہدے کے بعد پاک فوج پر اپنے اعتماد میں اضافے کا اظہار بھی کیا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *