پاکستان میں ذوالقعدہ کا چاند نظر آ گیا ہے، جس کے بعد یکم ذوالقعدہ کل بروز اتوار، 19 اپریل کو ہوگی۔
چیئرمین مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی مولانا محمد عبدالخبیر آزاد نے ملک بھر سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہونے کے بعد باضابطہ اعلان کیا کہ یکم ذوالقعدہ اتوار کے روز ہوگی۔
اس سے قبل پاکستان کے قومی خلائی ادارے ‘سپارکو’ نے پیشگوئی کی تھی کہ 18 اپریل کی شام ملک بھر میں ذوالقعدہ کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات موجود ہیں۔
سپارکو کی رپورٹ کے مطابق نئے چاند کی پیدائش 17 اپریل کو پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجکر 52 منٹ پر ہو چکی تھی۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا تھا کہ 18 اپریل کو غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر 26 گھنٹے سے زائد ہوگی، جو اس کی واضح رویت کے لیے انتہائی موزوں سمجھی جاتی ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور غروبِ قمر کے درمیان فرق تقریباً 81 منٹ رہنے کی توقع ہے، جس سے چاند نظر آنے کے امکانات مزید بڑھ گئے تھے۔