جمعرات کی صبح یوٹیوب کی سروس عالمی سطح پر متاثر ہوئی، جس کے باعث دنیا بھر کے ہزاروں صارفین، جن میں پاکستان کے صارفین بھی شامل تھے، ویڈیوز دیکھنے اور سٹریمنگ سے محروم رہے۔
یہ خلل تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہا، اس دوران صارفین کو ’پلے بیک ایرر‘ جیسے پیغامات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے ساتھ ساتھ یوٹیوب میوزک اور یوٹیوب ٹی وی جیسی متعلقہ سروسز بھی متاثر ہوئیں۔
ویب سائٹ “ڈاؤن ڈیٹیکٹر” کے مطابق، لاکھوں صارفین نے یوٹیوب کی بندش کی شکایات رپورٹ کیں۔
یوٹیوب کی ٹیم نے اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر بیان جاری کیا کہ وہ اس مسئلے سے آگاہ ہیں اور ان کی ٹیم اس پر کام کر رہی ہے۔ بیان میں کہا گیا، ’ہم جانتے ہیں کہ صارفین کو یوٹیوب، یوٹیوب میوزک یا یوٹیوب ٹی وی پر ویڈیوز دیکھنے میں دشواری ہو رہی ہے۔ ہم اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش میں ہیں۔ آپ کے صبر کا شکریہ۔‘
اس کے تقریباً آدھا گھنٹے بعد یوٹیوب نے ایکس اکاؤنٹ پر اعلان کیا کہ مسئلہ حل ہو چکا ہے اور اب صارفین دوبارہ بغیر کسی رکاوٹ کے ویڈیوز دیکھ سکتے ہیں۔
اس خرابی کی اصل وجہ کا اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا تاہم یہ تکنیکی مسئلہ یا سرورز کی اوورلوڈنگ ہو سکتا ہے۔
یہ مسئلہ عالمی نوعیت کا تھا اور امریکہ، یورپ، کینیڈا، اور آسٹریلیا سمیت متعدد ممالک میں دیکھا گیا۔ یوٹیوب کی ٹیم نے اعلان کیا کہ وہ اس طرح کے معاملات کو کم کرنے کے لئے کام کر رہی ہے تاکہ آنے والے وقت میں صارفین کو بہتر تجربہ حاصل ہو۔
اس خرابی کی ممکنہ وجوہات میں تکنیکی مسائل، سرورز پر غیر معمولی لوڈ یا کسی قسم کا سائبر حملہ شامل ہو سکتا ہے، تاہم ابھی تک یوٹیوب کی جانب سے کسی حتمی وجہ کی تصدیق نہیں کی گئی۔
خوش آئند امر یہ ہے کہ یوٹیوب نے کئی گھنٹوں کی معطلی کے بعد اپنی سروسز بحال کر دی ہیں، جس کے بعد صارفین ایک بار پھر بغیر کسی رکاوٹ کے ویڈیوز دیکھنے اور سٹریمنگ کرنے کے قابل ہو گئے ہیں۔