ملک بھر میں مہنگائی کے مسلسل دباؤ کے دوران گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اچانک نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد قیمتیں 560 روپے کی حد عبور کر گئی ہیں، اس اضافے نے عام شہریوں کے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے اور روزمرہ اخراجات پورے کرنا مزید مشکل ہو گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اگرچہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ عرصے کے دوران اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا، تاہم اس کے باوجود اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کے بجائے اضافہ ہی ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں فی کلو اور فی لیٹر پی35روپے تک اضافہ ہوا ہے، جو کہ حالیہ مہنگائی کی ایک بڑی مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ درجہ اول گھی اور کوکنگ آئل کی قیمت میں تقریباً 30 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 560 روپے سے بڑھ کر پ590 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
اسی طرح درجہ دوم کوکنگ آئل کی قیمت میں پ35روپے کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں یہ510 روپے سے بڑھ کر 545 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔
علاوہ ازیں عام گھی کی قیمت میں بھی25 روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد یہ 510 روپے کے بجائے 535روپے فی کلو میں دستیاب ہے، تاجروں کے مطابق خام مال کی بڑھتی ہوئی لاگت اور ترسیل کے اخراجات میں اضافے کے باعث قیمتوں میں یہ اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے۔
دوسری جانب شہریوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی نے ان کی قوت خرید کو بری طرح متاثر کیا ہے اور اب بنیادی اشیائے ضروریہ بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔