پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس بنیادوں پر فتنہ الخوارج دہشتگردوں کے خلاف اہم کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 34 فتنہ الخوارج دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق سب سے بڑی کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں کی گئی، جہاں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر دہشتگردوں کے ایک ٹھکانے پر آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 18 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
اس کے علاوہ جنوبی وزیرستان میں کی جانے والی کارروائی میں 8 دہشتگردوں کو مارا گیا، جبکہ بنوں کے علاقے میں کیے گئے ایک اور آپریشن میں بھی 8 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔ تمام کارروائیاں مصدقہ انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ آپریشنز ’عزمِ استحکام‘ کے ویژن کے تحت کیے گئے، جس کا مقصد ملک میں بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردی کا خاتمہ اور دیرپا امن کا قیام ہے۔ فورسز دہشتگردی کی ہر شکل کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں اور عوام کے تعاون سے امن دشمن عناصر کا قلع قمع جاری رکھا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام دہشتگرد سیکیورٹی فورسز، معصوم شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث تھے۔ آپریشنز کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دہشتگردی میں استعمال ہونے والا دیگر سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
علاقے کے عوام نے سیکیورٹی فورسز کی ان کارروائیوں کو سراہتے ہوئے ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔