جعلی سازی کا خاتمہ، زمین کی رجسٹری میں انقلابی قدم، جائیداد خرید و فروخت کا طریقہ کار مکمل تبدیل

 جعلی سازی کا خاتمہ، زمین کی رجسٹری میں انقلابی قدم، جائیداد خرید و فروخت کا طریقہ کار مکمل تبدیل

پنجاب میں زمینوں کی خرید و فروخت اور رجسٹری کے نظام میں بڑی تبدیلی کردی گئی ہے۔ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے صوبے بھر میں روایتی پیلا اسٹامپ پیپر ختم کرکے نئے ڈیجیٹل سفید اسٹامپ پیپر کے نفاذ کا اعلان کردیا ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے بعد نئے نظام کا اطلاق فوری طور پر شروع ہوگیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اب صوبہ بھر میں زمین سے متعلق تمام قانونی دستاویزات اور رجسٹریاں ڈیجیٹل سفید کاغذ پر تیار کی جائیں گی۔ اس اقدام کا مقصد زمینوں کے لین دین کے عمل کو جدید، محفوظ اور شفاف بنانا ہے تاکہ جعلی اسٹامپ پیپر اور فراڈ کے واقعات کا خاتمہ کیا جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں:جائیداد کی خرید و فروخت میں جعلسازی کا خاتمہ: پنجاب میں گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے اجرا کا آغاز

پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے اس فیصلے کے بعد تمام متعلقہ محکموں، رجسٹری دفاتر اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ وہ فوری طور پر نئے نظام پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ اس کے ساتھ ہی پرانے پیلے اسٹامپ پیپر کو مرحلہ وار ختم کردیا جائے گا۔

حکام کے مطابق اب شہری زمین کی خرید و فروخت، انتقال اور دیگر قانونی معاملات کے لیے آن لائن نظام کے ذریعے سفید کاغذ پر اسٹامپ حاصل کرسکیں گے۔ شہری مقررہ طریقہ کار کے تحت درخواست دینے کے بعد ڈیجیٹل سفید اسٹامپ پیپر کا پرنٹ حاصل کرکے رجسٹری کے عمل کو مکمل کرسکیں گے۔

واضح رہے کہ یہ اقدام زمینوں کے ریکارڈ کو مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ اس سے نہ صرف جعلسازی اور جعلی اسٹامپ پیپر کے کاروبار کی حوصلہ شکنی ہوگی بلکہ سرکاری آمدن میں بھی اضافہ متوقع ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئے نظام کے تحت ہر اسٹامپ پیپر کا منفرد اندراج ہوگا جس کی تصدیق متعلقہ نظام کے ذریعے کی جاسکے گی۔ اس طرح زمینوں کے معاملات میں شفافیت بڑھے گی اور شہریوں کو بھی زیادہ سہولت ملے گی۔

مزید پڑھیں:لاہور ہائیکورٹ: پنجاب میں جائیدادوں کے قبضے سے متعلق ڈپٹی کمشنرز کے فیصلے کالعدم

میڈیا رپورٹ کے مطابق آنے والے وقت میں زمینوں کے ریکارڈ، رجسٹری اور انتقال سمیت بیشتر امور مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام کے تحت انجام دیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو سرکاری دفاتر کے چکر کم لگانے پڑیں اور کام تیزی سے مکمل ہوسکے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *