امیرالبحر ایڈمرل نوید اشرف نے حال ہی میں امریکا کا سرکاری دورہ کیا جہاں انہوں نے امریکی بحریہ اور سول قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔
یہ دورہ پاک امریکا دفاعی اور بحری تعاون کے فروغ میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا آئی ایس پی آر کے مطابق نیول چیف نے امریکی ڈپٹی چیف آف نیول آپریشنز اور کوسٹ گارڈ کے وائس کمانڈنٹ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں جن میں دونوں ممالک کے درمیان بحری تعاون، آپریشنل تجربات کے تبادلے اور خطے میں استحکام کے امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
ایڈمرل نوید اشرف نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی واشنگٹن کا بھی دورہ کیا اور یونیورسٹی کے صدر وائس ایڈمرل پیٹر اے گارون سے ملاقات کی۔
ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی، پیشہ ورانہ تربیت اور سمندری سلامتی کے باہمی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر نیول چیف نے امریکی محکمہ خارجہ کا بھی دورہ کیا جہاں ان کی ملاقات ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری برائے سیاسی و عسکری امور اسٹینلے ایل براؤن سے ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات دفاعی تعاون اور بحری سیکیورٹی شراکت داری پر گفتگو کی دورے کے دوران ایڈمرل نوید اشرف نے ایک تقریب میں امریکی اسکالرز اور تھنک ٹینکس کے ماہرین سے خطاب بھی کیا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں علاقائی میری ٹائم سیکورٹی چیلنجز، مشترکہ کارروائیوں میں پاک بحریہ کے کردار اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
بحریہ کے ترجمان کے مطابق ایڈمرل نوید اشرف کا یہ دورہ پاک امریکا دفاعی تعلقات کو نئی سمت دے گا اور دونوں ممالک کے درمیان میری ٹائم سیکورٹی کے شعبے میں شراکت کو مزید مضبوط بنائے گا۔