قوم کو یقین دلاتا ہوں، اللہ کی نصرت کے ساتھ اپنے وطن کا ’ایک انچ‘ بھی کسی کو نہیں لینے دیں گے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

قوم کو یقین دلاتا ہوں، اللہ کی نصرت کے ساتھ اپنے وطن کا ’ایک انچ‘ بھی کسی کو نہیں لینے دیں گے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وطنِ عزیز کے دفاع، قوم کے عزم اور مسلح افواج کی قربانیوں سے متعلق پر اثر اور جامع خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ اللہ کی نصرت اور عوام کی حمایت سے اپنے وطن کا ایک انچ بھی کسی کو نہیں لینے دیں گے‘۔

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نہایت پُرجوش اور جامع انداز میں ملکی دفاع، قومی اتحاد، خطے کی سیکیورٹی صورت حال اور عالمی سیاست میں پاکستان کے مؤقف پر تفصیلی اظہار خیال کیا اور کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا نہ صرف بھرپور مقابلہ کیا بلکہ ہر محاذ پر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک کے خلاف ہونے والی ہر جارحیت، سازش یا پراکسی وار کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

فیلڈ مارشل نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی ایم اے ایک فخر انگیز روایت کی علمبردار ہے، جہاں بہادری، دانش، قربانی اور نظم و ضبط کے جذبے سے لیس مرد و خواتین تیار کیے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’آج کے نوجوان کیڈٹس میں وہی جوش، عزم اور لگن نظر آتی ہے جو ہمیشہ سے ہماری فوج کا طرہ امتیاز رہی ہے۔‘‘

آپریشن بنیانِ مرصوص میں قوم کا بھرپور اعتماد

فیلڈ مارشل نے آپریشن ’بنیانِ مرصوص‘ کو قومی اور عسکری کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس آپریشن میں پاک فوج نے اپنے بھرپور عسکری، سائبری اور انٹیلیجنس صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ ’رافیل طیاروں کو مار گرانا، S-400 سمیت کئی دشمن ٹھکانوں کو نشانہ بنانا، اور کثیرالجہتی جنگی حکمت عملی اپنانا ہماری فوج کی صلاحیتوں اور تیاری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ اس آپریشن نے قوم کے دلوں میں اپنی فوج کے لیے مزید اعتماد اور فخر پیدا کیا، جبکہ پاکستان کی جانب سے مظاہرہ کی گئی پیشہ ورانہ مہارت اور برداشت کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی قیادت کی جانب سے پاکستان پر لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد ہیں اور پاکستان نہ صرف ان الزامات کو مسترد کرتا ہے بلکہ عالمی برادری کے سامنے حقائق بھی رکھے جا چکے ہیں۔ فیلڈ مارشل کے مطابق بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے نوجوانوں کا کردار قابلِ ستائش ہے، جو ہر موقع پر افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’معرکۂ حق ‘ میں پوری قوم ’سیسہ پلائی دیوار‘ بن کر پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہوئی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام اور افواج کے درمیان رشتہ غیر متزلزل اور ناقابلِ تسخیر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ  ’یہ رشتہ محض عسکری نہیں بلکہ قومی یکجہتی، اعتماد اور قربانیوں سے جُڑا ہوا ہے۔‘

فیلڈ مارشل نے آپریشن بنیان مرصوص کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس اہم آپریشن سے نہ صرف اندرونی سیکیورٹی کو مضبوط کیا گیا بلکہ اس نے قوم کے اعتماد کو مزید بڑھایا۔ ان کے مطابق پاک فوج نے اپنی دفاعی اور عسکری صلاحیت کا ہر میدان میں لوہا منوایا ہے اور ملکی خودمختاری کے تحفظ میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔

بھارت کو سخت تنبیہ، ’ایٹمی ماحول میں جنگ کی کوئی گنجائش نہیں‘

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارت کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر دوبارہ کوئی جارحیت کی گئی تو اس کا جواب “توقعات سے کہیں بڑھ کر” اور “فیصلہ کن” ہوگا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت کی جغرافیائی وسعت اسے بچا نہیں سکتی، کیونکہ پاکستان کے جدید اور دور مار ہتھیار دشمن کے ہر زعم کو چکناچور کر دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ’ہم پر مسلط کی جانے والی کسی بھی جنگ کا آغاز تو دشمن کرے گا، لیکن اس کا انجام ہم طے کریں گے۔ ‘

ریاستی دہشتگردی، بھارت اور افغانستان کو دو ٹوک پیغام

فیلڈ مارشل نے افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا اور طالبان انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی زمین کو دہشت گرد گروپوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ بننے سے روکے۔

انہوں نے بھارت پر ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کے الزامات دہراتے ہوئے کہا کہ’فِتنہ الہند ‘ اور’فِتنہ الخوارج‘ جیسے گروپوں کو بطور ایجنٹ استعمال کر کے بھارت اپنا اصل مکروہ چہرہ چھپانے میں ناکام ہو چکا ہے۔

افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بدقسمتی سے افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے، اور اس حوالے سے عالمی سطح پر مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ پاکستان اپنے ہمسایہ ملک سے اچھے تعلقات کا خواہاں ہے، لیکن قومی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

کشمیر اور فلسطین’پاکستان کی دو ٹوک پالیسی برقرار‘

خطاب میں فیلڈ مارشل نے کشمیریوں اور فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم پر بھی کھل کر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پر پاکستان کا مؤقف اصولی ہے اور یہ مسئلہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

فلسطین کے حوالے سے انہوں نے اسرائیل کے مظالم کو’انسانیت کے ضمیر پر ایک بدنما داغ ‘ قرار دیا اور دو ریاستی حل کی بھرپور حمایت کی، جس میں 1967 سے قبل کی سرحدوں پر ایک آزاد فلسطینی ریاست ہو، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

بین الاقوامی تعلقات، عالمی قوتوں سے تعلقات مستحکم

فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان ایک ریجنل اسٹیبلائزر کے طور پر ابھرا ہے اور عالمی سطح پر امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب کے ساتھ حالیہ اسٹریٹجک دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کا مظہر ہے‘۔ چین کے ساتھ ’ہم موسم‘ اسٹریٹجک شراکت داری پر پاکستان کو فخر ہے۔امریکا کے ساتھ تعلقات کی بحالی کو خوش آئند قرار دیا اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی عالمی سطح پر امن کوششوں کو سراہا‘۔ ایران کے ساتھ مذاکرات کے آغاز میں پاکستان کے کردار کو ’عاجزانہ مگر مؤثر‘ قرار دیا۔

مسلم اُمہ کے درمیان اتحاد کے لیے علامہ اقبالؒ کا شعر

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدے کا ذکر کرتے ہوئے اتحاد اُمت کی بات بھی کی اور علامہ اقبالؒ کا شعر بھی پڑھا اور کہا کہ ’ایک ہوں مسلم کی پاسبانی کے لیے: نیل کے ساحل سے لے کر تابخاک کا شغر۔

نوجوانوں کو پیغام، ’فکری تیاری اور سچائی کا ساتھ دو‘

نوجوان کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ’تمہیں محض جنگی مہارت ہی نہیں، بلکہ فکری اور سائنسی تیاری بھی ضروری ہے‘۔ انہوں نے آج کی دنیا کو “Post-truth Era” قرار دیا، جہاں آدھی سچائیاں اور جھوٹ حقیقت سے زیادہ طاقتور ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ’جعلی خبروں، افواہوں، اور سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی معلوماتی گمراہی سے بچنا لازم ہے۔ تمہاری طاقت سچائی کو پہچاننے، تنقیدی سوچ اور بصیرت میں ہے‘۔

قوم اور فوج کا رشتہ،  ناقابل شکست

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج اور قوم کا رشتہ’ناقابل تسخیر ‘ ہے۔ انہوں نے کہا کہ’دشمن چاہے جتنی کوشش کرے، یہ رشتہ نہ کمزور ہو سکتا ہے، نہ ٹوٹ سکتا ہے‘۔

انہوں نے تمام شہدا، ان کے خاندانوں، غازیوں، نوجوانوں، دانشوروں، میڈیا، علماء اور سائنسدانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا، جنہوں نے ہر مشکل وقت میں ملک کا دفاع کیا۔

پاکستان کا مستقبل روشن ہے

فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان مشکلات کے باوجود ایک ابھرتی ہوئی طاقت ہے، جہاں نوجوان اپنی صلاحیتوں سے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معدنیات سے لے کر انسانی وسائل تک، پاکستان کے پاس ترقی کے بے شمار مواقع ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ’ہماری منزل ابھی مکمل نہیں ہوئی، لیکن ہمارا عزم ناقابل شکست ہے۔ ہم اپنے نظریاتی اور جغرافیائی دفاع کے لیے ہر دم تیار رہیں گے‘۔

اختتامیہ قائداعظم کی یاد دہانی

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت امت مسلمہ میں ایک اہم اور فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ امت کو درپیش چیلنجز کے تناظر میں پاکستان کا کردار نہ صرف سفارتی سطح پر نمایاں ہے بلکہ سیکیورٹی و استحکام کے حوالے سے بھی کلیدی ہے۔

خطاب کے اختتام پر فیلڈ مارشل نے قائداعظم محمد علی جناح کے تاریخی الفاظ یاد دلائے کہ ’ہم سب پاکستانی ہیں اور ریاست کے شہری ہیں۔ ہمیں ریاست کی خدمت، قربانی اور حفاظت کرنی ہے تاکہ اسے دنیا کی سب سے عظیم اور خودمختار ریاست بنایا جا سکے‘۔ آخر میں ’پاکستان ہمیشہ زندہ باد‘ کا نعرہ بھی لگایا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وطن کی خاطر اپنی جانیں نچھاور کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا درخشاں باب ہیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا‘۔ ان کے خطاب نے نہ صرف افواجِ پاکستان کے حوصلے کو بلند کیا بلکہ پوری قوم کو یہ پیغام دیا کہ ملک کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہاتھوں میں ہے، اور دشمن کی ہر چال کو ناکام بنایا جائے گا۔

اس سے قبل پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں 152ویں لانگ کورس، 37ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 71ویں اینٹی گریٹڈ کورس اور 26ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی شاندار اور پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر تھے۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں کیڈٹس نے ملک و قوم کے بھروپر دفاع کا حلف اٹھایا۔

یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاک فوج نے ثابت کیا کہ وہ ارضِ وطن کا دفاع کرنا جانتی ہیں، وزیراعظم

تقریب کا آغاز قومی ترانے اور مارچ پاسٹ سے ہوا، جس میں کیڈٹس نے انتہائی نظم و ضبط، جوش و جذبے اور مہارت کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے علاوہ دوست ممالک سے تعلق رکھنے والے 40 غیر ملکی کیڈٹس بھی کامیابی سے تربیت مکمل کر کے پاس آؤٹ ہوئے۔

غیر ملکی کیڈٹس کا تعلق سری لنکا، عراق، فلسطین، نائیجیریا، بنگلادیش، قطر، مالدیپ، مالی، نیپال اور یمن جیسے دوست ممالک سے ہے۔ ان کیڈٹس کی شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی عسکری تربیت کو عالمی سطح پر قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل عاصم منیر نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وہ آج ایک نئے سفر کا آغاز کر رہے ہیں جو وطن کی خدمت، قربانی اور فرض شناسی پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’افواجِ پاکستان ہر حال میں ملکی سلامتی، خودمختاری اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنائیں گی‘۔

مزید پڑھیں:فرسٹ ویمن بینک کی نجکاری کے معاہدے پر دستخط، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تقریب میں شرکت

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دوست ممالک کے کیڈٹس کو بھی مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنی تربیت کو اپنے ممالک میں مؤثر انداز میں بروئے کار لائیں گے اور پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔

پریڈ کے اختتام پر کیڈٹس کو اعزازات سے نوازا گیا۔ نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس کو شمشیریں، میڈلز اور ٹرافیاں دی گئیں۔ یہ تقریب نہ صرف ایک عسکری روایت کا حصہ تھی بلکہ اس نے وطن سے محبت، عزم، اور نوجوان نسل کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *