اسلام آباد میں ڈریگ ریسنگ کی واپسی، شکرپڑیاں میں موٹر اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد

اسلام آباد میں ڈریگ ریسنگ کی واپسی، شکرپڑیاں میں موٹر اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد

اسلام آباد ایک بار پھر رفتار کے شوقین افراد کے لیے سرگرمیوں کا مرکز بن گیا ہے، جہاں ریس وارز پاکستان 2025 کے نام سے تین روزہ موٹر اسپورٹس فیسٹیول جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ ایونٹ 17 سے 19 اکتوبر تک شکرپاریان پریڈ گراؤنڈ میں منعقد کیا جا رہا ہے جس میں ملک بھر سے کاروں شوقین افراد بڑی تعداد میں شرکت کر رہے ہیں۔

فیسٹیول کے پہلے روز جمعہ کو ہیڈ ٹو ہیڈ ریسنگ کے مقابلے ہوئے جن میں دو کاریں ایک ساتھ دوڑتی ہیں۔ ہفتے کو ڈرفٹنگ مقابلے مرکزِ نگاہ بنے ہوئے ہیں جن میں ڈرائیورز تیز رفتاری کے ساتھ کنٹرولڈ سلائیڈز اور اسٹائلڈ ڈرائیونگ پیش کر رہے ہیں جبکہ اتوار کو ایونٹ کا گرینڈ فائنل ڈریگ ریسنگ کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا، جس میں براہِ راست رفتار کے مقابلے ہوں گے۔

اس فیسٹیول میں نہ صرف ریسنگ مقابلے شامل ہیں بلکہ شائقین کے لیے کار نمائشیں، ڈرائیورز سے ملاقاتیں، گاڑیوں کے اسٹالز اور بیک اسٹج کار بلڈنگ زون بھی رکھے گئے ہیں، تاکہ عوام کو موٹر اسپورٹس کی دنیا کا قریب سے تجربہ حاصل ہو سکے۔

اس جوش و خروش کے ساتھ ایک پرانی سانحہ کی یاد بھی تازہ ہو گئی ہے۔ دسمبر 2010 میں بحریہ ٹاؤن میں ہونے والے ایک ڈریگ ریسنگ ایونٹ کے دوران ایک تیز رفتار گاڑی جو مبینہ طور پر ٹوئیوٹا سپرا تھی ہجوم پر چڑھ گئی تھی، جس کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے تھے۔ اس المناک واقعے کے بعد ملک بھر میں پبلک ریسنگ ایونٹس پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔

اس واقعے نے عوامی غم و غصے کو جنم دیا، جس کے بعد سپریم کورٹ آف پاکستان نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے سینئر پولیس افسران سے رپورٹ طلب کی اور حفاظتی انتظامات میں کوتاہی پر سخت تنقید کی تھی۔

اب جب برسوں بعد موٹر اسپورٹس کو دوبارہ عوامی سطح پر متعارف کرایا جا رہا ہے، منتظمین پر سخت حفاظتی تقاضے پورے کرنے کی ذمہ داری عائد کی گئی ہے، جن میں بیریئرز کی تنصیب، ہجوم کے نظم و ضبط، اور ایمرجنسی ریسپانس پلان شامل ہیں۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ وہ ماضی کی غلطیاں دہرانے سے گریز کرتے ہوئے عوامی تفریح کے ساتھ ساتھ مکمل سکیورٹی کو بھی اولین ترجیح دے رہے ہیں تاکہ موٹر اسپورٹس کو ایک محفوظ اور مثبت سرگرمی کے طور پر فروغ دیا جا سکے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *