سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی، بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کا انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی، بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کا انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک

بلوچستان میں ایک بڑی کارروائی کے دوران بھارتی پراکسی ’فتنہ الہندوستان‘ کا انتہائی مطلوب دہشت گرد جمیل عرف ٹیٹک ہلاک ہو گیا ہے۔ جمیل عرف ٹیٹک بلوچستان کے ضلع پنجگور کا رہائشی تھا اور کئی سالوں سے ریاست مخالف دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سوات میں کاؤنٹر ٹیررازم آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کے 3 انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک

خطرناک کارروائیوں میں ملوث

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جمیل عرف ٹیٹک پنجگور، بولیدہ اور دیگر ملحقہ علاقوں میں دہشتگردی، اغوا برائے تاوان اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں جیسی سرگرمیوں میں ملوث تھا۔ وہ 2022 میں پنجگور ہیڈکوارٹر پر ہونے والے ایک بڑے حملے کا مرکزی منصوبہ ساز اور ماسٹر مائنڈ بھی تھا، جس میں سیکیورٹی فورسز کو جانی نقصان اٹھانا پڑا تھا۔

فتنہ الہندوستان کا کلیدی کردار

سیکیورٹی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ جمیل عرف ٹیٹک تنظیم فتنہ الہندوستان کے آپریشنل نیٹ ورک کا مرکزی کمانڈر تھا، جو بلوچستان میں انتشار پھیلانے، تخریبی سرگرمیوں کو منظم کرنے اور دشمن عناصر کے ساتھ رابطوں میں فعال کردار ادا کر رہا تھا۔

خفیہ معلومات پر کارروائی

سیکیورٹی اداروں نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے جمیل عرف ٹیٹک کی نقل و حرکت پر کئی دنوں سے نظر رکھی ہوئی تھی۔ مخصوص مقام پر ہدف بنائی گئی کارروائی کے دوران دہشتگرد مارا گیا، جبکہ اس کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، مواصلاتی آلات اور حساس دستاویزات بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:مغل کوٹ، بنوں: سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، خطرناک خارجی دہشتگرد طارق کچھی ساتھی سمیت ہلاک

علاقہ مکینوں میں اطمینان

جمیل عرف ٹیٹک کی ہلاکت کے بعد پنجگور اور ملحقہ علاقوں میں عوامی سطح پر اطمینان پایا جا رہا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق، مذکورہ دہشتگرد کی کارروائیوں نے علاقے کے امن و امان کو بری طرح متاثر کر رکھا تھا۔

سیکیورٹی اداروں کا مؤقف

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں اور کسی بھی ریاست دشمن عنصر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق جمیل عرف ٹیٹک کی ہلاکت دہشتگرد تنظیم کے لیے بڑا دھچکہ ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *