وفاقی حکومت نے سونے کی درآمد اور برآمد پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع وزارتِ تجارت کے مطابق سونے کی تجارت پر پابندی ہٹانے کے لیے ایک سمری اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کو ارسال کی جائے گی، جس کی منظوری کے بعد یہ فیصلہ باقاعدہ طور پر نافذ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق رواں سال مئی میں حکومت نے سونے کی ایکسپورٹ اور امپورٹ پر پابندی عائد کی تھی۔ اس اقدام کی بنیادی وجہ سونے کی اسمگلنگ سے متعلق موصول ہونے والی شکایات تھیں، جن کے بعد حکومت نے غیر قانونی تجارت کی روک تھام کے لیے یہ فیصلہ کیا تھا۔
وزارتِ تجارت کے ذرائع نے بتایا کہ پابندی کے نفاذ کے بعد اسمگلنگ کی شکایات کی مکمل جانچ پڑتال کی گئی اور اس دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مختلف کارروائیاں بھی کیں۔ تاہم، حالیہ مہینوں میں سونے کی اسمگلنگ سے متعلق کوئی نئی شکایت موصول نہیں ہوئی، جس کے بعد حکومت نے اس پابندی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پابندی ہٹانے کا مقصد سونے کی قانونی تجارت کو فروغ دینا اور قیمتی دھاتوں کے کاروبار میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ منظم اور دستاویزی نظام کے ذریعے نہ صرف سونے کی درآمد و برآمد کو بہتر انداز میں ریگولیٹ کیا جا سکے گا بلکہ غیر قانونی تجارت کی حوصلہ شکنی بھی ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ای سی سی کی منظوری کے بعد وزارتِ تجارت باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرے گی، جس کے بعد سونے کی درآمد اور برآمد دوبارہ شروع ہو جائے گی۔ اس فیصلے سے ملک میں قیمتی دھاتوں کے کاروبار سے وابستہ افراد کو ریلیف ملنے اور تجارتی سرگرمیوں میں بہتری آنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔