سابق پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کو بڑی خوشخبر ی مل گئی

سابق پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کو بڑی خوشخبر ی مل گئی

سابق پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کو برطانوی پاسپورٹ جاری ہونے کے بعد انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں بڑی پیش رفت حاصل ہوئی ہے جہاں نوٹنگھم شائر نے انہیں رواں سیزن کے باقی ماندہ ویٹالٹی بلاسٹ ٹی20 ٹورنامنٹ کے لیے اپنے اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔

نوٹنگھم شائر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 34 سالہ محمد عامر کے ساتھ مختصر مدت کا معاہدہ کیا گیا ہے۔ وہ گروپ مرحلے کے بقیہ میچز کے علاوہ ٹیم کے ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کی صورت میں بھی دستیاب ہوں گے۔

 یہ بھی پڑھیں :فاسٹ بولر محمد عامر نے شاہین آفریدی کے بولنگ ایکشن میں غلطی بتا دی

برطانوی شہریت حاصل کرنے کے بعد محمد عامر اب کاؤنٹی کرکٹ میں مقامی (لوکل) کھلاڑی کی حیثیت سے شمار ہوں گے جس کے باعث وہ اوورسیز کھلاڑیوں کے کوٹے میں شامل نہیں ہوں گے۔ اس تبدیلی سے نوٹنگھم شائر کو اسکواڈ کے انتخاب میں زیادہ لچک حاصل ہوگی اور وہ محمد عامر کو جنوبی افریقا کے آل راؤنڈر جارج لنڈے اور پاکستانی فاسٹ بولر محمد علی کے ساتھ ایک ہی وقت میں میدان میں اتار سکے گا۔

محمد عامر نے نوٹنگھم شائر میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی کلب کے بارے میں ہمیشہ اچھی باتیں سنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرینٹ برج سے ان کی بہت سی خوشگوار یادیں وابستہ ہیں اور وہ شائقین کو بہترین کرکٹ پیش کرنے کے ساتھ ٹیم کی کامیابی میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں :شعیب اختر نے محمد عامر کو پاکستان کا سب سے ذہین فاسٹ بولر قرار دے دیا

نوٹنگھم شائر کے ہیڈ کوچ پیٹر مورز نے محمد عامر کو عالمی معیار کا تجربہ کار فاسٹ بولر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاور پلے اور اننگز کے آخری اوورز میں غیر معمولی مہارت رکھتے ہیں جبکہ دباؤ کے لمحات میں ان کی کارکردگی انہیں کسی بھی ٹیم کے لیے قیمتی اثاثہ بناتی ہے۔

محمد عامر اس سے قبل ایسیکس، گلوسٹر شائر اور ڈربی شائر کی نمائندگی کر چکے ہیں جبکہ دی ہنڈرڈ لیگ میں لندن اسپرٹ، اوول انوِنسبلز اور ناردرن سپرچارجرز کی جانب سے بھی کھیل چکے ہیں۔

واضح رہے کہ محمد عامر نے آخری مرتبہ پاکستان کی نمائندگی ٹی20 ورلڈ کپ 2024 میں کی تھی۔ برطانوی پاسپورٹ ملنے کے بعد اب ان کے لیے انگلش ڈومیسٹک کرکٹ میں مزید مواقع پیدا ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔

editor

Related Articles