فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں 17ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے، یہاں کے عوام باصلاحیت، محب وطن اور باہمت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام ملک کا اصل سرمایہ ہیں اور ترقی کا محور عوام ہی ہیں۔
فیلڈ مارشل نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوامی فلاح پر مبنی ترقیاتی منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، جب کہ بلوچستان کے سماجی و معاشی ڈھانچے کی بہتری کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی بے پناہ اقتصادی صلاحیتوں کو عوام کے مفاد میں بروئے کار لانا ناگزیر ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ سول سوسائٹی کا تعمیری کردار نوجوانوں کی شمولیت اور انہیں بااختیار بنانے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل بلوچستان کی پائیدار ترقی کی ضامن ہے۔
فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ بعض عناصر سیاسی مفادات کے لیے بلوچستان کی ترقی کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “فتنہ الہندستان” اور “فتنہ الخوارج” بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ ہیں، جو بلوچستان میں امن و ترقی کے دشمن بیانیے کو فروغ دے رہے ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ بلوچستان کے امن کو خراب کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف ہر ضروری کارروائی جاری ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان اپنے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کا خواہاں ہے، مگر ملکی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ کسی بھی بیرونی یا اندرونی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام کی خوشحالی، امن اور ترقی ریاست کی اولین ترجیح ہے۔ ورکشاپ کے اختتام پر فیلڈ مارشل سے شرکاء کا سوال و جواب کا سیشن ہوا، جس میں شرکاء نے بلوچستان میں امن، ترقی اور استحکام کے لیے مسلح افواج کے کردار کو سراہا۔