اب ڈرائیونگ لائسنس کا اندراج آپ کی دہلیز پر، تفصیلات سامنے آگئیں

اب ڈرائیونگ لائسنس کا اندراج آپ کی دہلیز  پر، تفصیلات سامنے آگئیں

ملکی تاریخ میں پہلی بار عوام کی سہولت کے لیے موبائل پولیس اسٹیشن اور لائسنسنگ یونٹ تیار کر لیے گئے ہیں، جن کے ذریعے شہری اب ڈرائیونگ لائسنس بنوانے اور مقدمات کے اندراج کی سہولت اپنے دروازے پر حاصل کر سکیں گے۔

ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کے مطابق لاہور سمیت پورے پنجاب کے لیے 118 گاڑیاں موبائل پولیس اسٹیشن اور لائسنسنگ یونٹ کے طور پر تیار کی جا رہی ہیں۔ ان میں سے 20 فیصد گاڑیاں پنک رنگ کی ہوں گی جو خواتین کے لیے مخصوص کی گئی ہیں تاکہ وہ بآسانی اپنی یونیورسٹیوں اور ورکنگ مقامات پر یہ سہولیات حاصل کر سکیں۔

ڈی آئی جی وقاص نذیر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی افتتاحی تقریب کے بعد ان گاڑیوں کی تمام اضلاع میں تقسیم کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اب تک 34 وینز تیار کی جا چکی ہیں جو مختلف اضلاع میں بھیجی جا رہی ہیں۔

ان موبائل یونٹس میں چار کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے کچھ ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا، تجدید اور لرنر لائسنس کے لیے مختص ہیں، جبکہ دیگر کاؤنٹرز ایف آئی آر کے اندراج کے لیے مخصوص ہیں۔ وقاص نذیر نے بتایا کہ شہری موبائل لائسنسنگ یونٹ کے ذریعے اپنے لرنر، ریگولر اور رینیول لائسنس بنوا سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی وزیراعظم کو بتادیاکہ پاکستان سے جنگ نہیں ہونی چاہیے: ٹرمپ کی مودی کو تنبیہ

مزید بتایا گیا کہ موبائل پولیس اسٹیشن جدید جی پی ایس سسٹم کے ذریعے اپنے متعلقہ تھانے سے منسلک ہوں گے تاکہ کسی بھی کیس یا رپورٹ کے اندراج میں شفافیت اور ربط برقرار رہے۔ شہریوں کو ان موبائل پولیس اسٹیشنز میں تھانے کے فرنٹ ڈیسک کی تمام سہولیات دستیاب ہوں گی۔

محمد وقاص نذیر کے مطابق، یہ موبائل یونٹس شیڈول کے مطابق روزانہ مختلف علاقوں میں بھیجے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات کے مطابق خواتین کو بااختیار بنانے اور انصاف کو ان کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے۔ ڈی آئی جی وقاص نذیر نے کہا کہ ’’ ہم 100 فیصد یقینی بنائیں گے کہ خواتین کو ان کے حقوق اور سہولیات تک آسان رسائی حاصل ہو، تاکہ انصاف اور خدمت واقعی عوام کے دروازے تک پہنچے۔‘‘

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *