اسلام آباد پولیس کے ایس پی عدیل اکبر نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایس پی انڈسٹریل ایریا سیرنا ہوٹل کے قریب ڈیوٹی پر معمور تھے۔ عدیل اکبر فون پر کسی سے بات کررہے تھے کہ اچانک قریب ہی موجود اہلکار سے پستول چھین کر خود کو گولی مار لی۔
رپورٹس کے مطابق ایس پی عدیل اکبر کو زخمی حالت میں پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی وہ زندگی کی بازی ہار گئے۔
انسپکٹر جنرل پولیس سید علی ناصر رضوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس پی عدیل اکبر کے واقعہ کی تحقیقات کے لئے تین ڈی آئی جیز پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو واقعہ کی تحقیقات کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ایس پی عدیل اکبر ڈیوٹی کے بعد واپس اپنے دفتر کے لئے جارہے تھے اور اس دوران گاڑی کے اندر انہیں گولی لگی ہے۔ گاڑی میں ایس پی عدیل اکبر کے ساتھ ڈرائیور، آپریٹر اور سیکورٹی اہلکار موجود تھے جنھوں تحویل میں لیکر ان سے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسلام آباد پولیس عدیل اکبر کے اہل خانہ اور ان کے ساتھیوں سے رابطے میں ہے۔ اسلام آباد میں تعیناتی سے قبل وہ بلوچستان میں تعینات تھے اور دو ماہ قبل ہی وہ اسلام آباد میں ان کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی۔