فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا عرب جمہوریہ مصر کا سرکاری دورہ

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا عرب جمہوریہ مصر کا سرکاری دورہ

 فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عرب جمہوریہ مصر کا سرکاری دورہ کیا ہے۔ دورے کا مقصد پاکستان اور مصر کے درمیان عسکری تعاون کے فروغ پر مبنی ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق، فیلڈ مارشل نے اپنے دورے کے دوران مصری وزیر دفاع جنرل عبدالمجید صقر سے ملاقات کی۔ اس کے علاوہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مصری مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل احمد خلیفہ فتحی سے بھی ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ مصر ایک برادر اسلامی ملک ہے اور پاکستان و مصر کے درمیان مضبوط تعاون خطے میں امن و استحکام کے لیے نہایت اہم ہے۔

وزارت دفاع پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ فیلڈ مارشل نے اپنے دورے کے دوران نامعلوم سپاہی کی یادگار اور مصر کے سابق صدر انور السادات کی قبر پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان جنوبی اور وسط ایشیائی ریاستوں کے درمیان ’پل‘ کی حیثیت رکھتا ہے، اسحاق ڈار

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنے دورے کے دوران جامعہ الازہر کے شیخِ اعظم احمد الطیب سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران شیخِ الازہر نے امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز پر اظہارِ خیال کیا۔

فیلڈ مارشل نے اس موقع پر کہا کہ انتہا پسندانہ نظریات اور اسلام کی مسخ شدہ تشریحات کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مسلم ممالک کو باہمی اتحاد، رواداری اور اعتدال پسندی کو فروغ دینا چاہیے تاکہ امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا مشترکہ طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *