وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب ہم مقبوضہ کشمیر کو آزاد کروائیں گے اور پاکستان میں شامل ہونگے۔
مظفرآباد ہائیکورٹ پریڈ گراؤنڈ میں 78 ویں یوم تاسیس کی تقریب سے وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں انسانی آزادیوں کے لیے مثال بہترین ہے ، افواج پاکستان نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر اس خطہ کی آزادی کیلئے حفاظت کی، اس خطہ کی آزادی میں قبائلی مجاہدین اور پاکستانی افواج اور ہمارے اباؤ واجداد نے قربانیاں دیں ۔
انہوں نے کہا کہ ” آپریشن بنیان مرصوص ” نے بھارت کی بالادستی کو خاک میں ملادیا، آپریشن بنیان مرصوص سے پاکستان کی بین الاقوامی حیثت کو تسلیم کیا گیا ، آپریشن بنیان مرصوص میں کامیابی فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی مرہون منت ہے ، افواج پاکستان ہمارے جان ومال کی محافظ ہیں ۔
چوہدری انوار الحق کا مزید کہنا تھا کہ آزاد حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لائے گی ۔ وہ دن دور نہیں جب ہم مقبوضہ کشمیر کو آزادکرالیں گے اور پاکستان میں شامل ہوں گے ۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھی اس مقصد کے حصول میں کردار ادا کریں اور وطن عزیز کے دفاع میں ہر ممکن تعاون فراہم کریں ۔
وزیرِ اعظم آزاد جموں و کشمیرکاکہنا تھا کہ حکومت عوام کی ترقی، تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کے فروغ کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے تاکہ آزاد کشمیر ہر لحاظ سے مضبوط اور خوشحال خطہ بن سکے ۔
قبل ازیں آزاد کشمیر کے 78 یوم تاسیس کے موقع پر مظفرآباد میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، صبح کا آغاز دعائیہ تقریبات سے ہوا جن میں پاکستان اورکشمیر کی سلامتی اور شہدا کشمیر کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، تقریب میں اعلیٰ سول قیادت اور علاقے میں تعینات مسلح افواج پاکستان کے کمانڈر شریک ہوئے۔
اس موقع پر پاک فوج کے جوانوں نے 21 توپوں کی سلامی دی، پاکستان اور آزاد کشمیر زندہ آباد کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔