آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ 30جون کو افغان طالبان رجیم نے بلوچستان میں سرحد کے اس پار 4 ڈرونزحملے کئےسکیورٹی فورسز نے چاروں ڈرونز کو مار گرایا ۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہپاکستان کے مضبوط فضائی دفاعی نیٹ ورک نے دشمن کے ڈرونز کی فوری شناخت کی اور انہیں تباہ کردیا۔ سکیورٹی فورسز نے جدید ترین جوابی اقدامات کا استعمال کرتے ہوئے آنے والے چاروں ڈرون کو کامیابی کے ساتھ ناکارہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ افغان طالبان حکومت کی اس طرح کی چالوں کا مقصد افغان عوام کو گمراہ کرنا ہے جو ان کی جابرانہ حکومت میں مبتلا ہیں۔ افغان طالبان کو سمجھ لینا چاہیے کہ ان کا غیر ذمہ دارانہ رویہ افغان عوام کی مشکلات میں اضافہ کر رہا ہے۔
اس طرح کی حرکتوں اور کھوکھلی بیان بازی کے ذریعے اپنی آبادی کو بے چین کرنے کی کوشش کرنے کے بجائے انہیں دہشتگردی کی سرپرستی سے گریز کرنا چاہیے اور پرامن بقائے باہمی کے اصول پر کاربند رہنا چاہیے۔ تاہم اگر افغان طالبان پاکستان کو اشتعال دلاتے رہے تو انہیں منہ توڑ جواب ملے گا جس کی انہیں بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج مادر وطن کے ایک ایک انچ کے دفاع کی پوری طرح چوکس اور اہل ہیں۔ پاکستان کی خودمختاری کو خطرہ اور ہمارے لوگوں کو خطرے میں ڈالنے والی کسی بھی مہم جوئی یا سرحد پار اشتعال انگیزی کا آپریشن غضب للحق کے تحت تیز، فیصلہ کن اور زبردست جواب دیا جائے گا۔