پنجاب میں تعلیمی اداروں کی بندش اور قبل از وقت موسم سرما کی تعطیلات سے متعلق گردش کرتی خبروں کی حقیقت سامنے آگئی ہے۔ حکومتی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ ایسی تمام خبریں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں، حکومت یا محکمہ تعلیم کی جانب سے اسکولوں کی بندش یا تعطیلات کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اس وقت ایک مرتبہ پھر شدید اسموگ کے بحران کا شکار ہے، جبکہ لاہور میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے۔ محکمہ موسمیات نے صوبے بھر میں فضائی معیار مزید خراب ہونے کی وارننگ جاری کی ہے اور لاہور کو دنیا کا سب سے زیادہ آلودہ شہر قرار دیا گیا ہے۔
اسموگ کی شدت میں اضافے کے بعد سوشل میڈیا اور مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر یہ خبریں گردش کرنے لگیں کہ پنجاب میں اسکولوں کو بند کیا جارہا ہے یا موسم سرما کی تعطیلات قبل از وقت دی جا رہی ہیں۔ تاہم حکومتی ذرائع نے ان خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہ تو کسی قسم کی تعطیلات کا اعلان ہوا ہے اور نہ ہی کلاسز معطل کرنے کا کوئی فیصلہ کیا گیا ہے۔
محکمہ تعلیم پنجاب کے مطابق تاحال اسکول بند کرنے یا چھٹیاں دینے سے متعلق کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔ ترجمان محکمہ تعلیم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں اور صرف حکومت پنجاب یا محکمہ تعلیم کے سرکاری اعلامیوں پر ہی اعتماد کریں۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال 3 نومبر کو شدید اسموگ کے باعث پنجاب حکومت نے تعلیمی ادارے ایک ہفتے کے لیے بند کیے تھے، بعد ازاں تعطیلات میں مزید ایک ہفتے کی توسیع بھی کی گئی تھی۔ تاہم اس سال اب تک حکومت کی جانب سے اسکولوں کی بندش یا تعطیلات کے بارے میں کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔