فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قاہرہ کے اتحادیہ صدارتی محل میں مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران آرمی چیف اور مصری صدر نے پاکستان اور مصر کے درمیان دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور مصر کے درمیان دیرینہ دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے علاقائی امن و استحکام کے لیے مصر کے قائدانہ کردار کو سراہا۔
مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے عالمی اور مسلم امہ کے اہم امور میں پاکستان کے مثبت اور متحرک کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی اسٹریٹجک مفادات کے معاملات پر تعاون اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل اور مصری صدر نے عوامی سطح پر رابطوں کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا، تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید وسعت اور استحکام حاصل ہو۔