ایئرلنک کمیونیکیشن نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2025 کے اختتام تک پاکستان کا پہلا باضابطہ ایپل ریٹیل آؤٹ لیٹ قائم کرے گی۔ یہ اعلان کمپنی کے تازہ ترین کارپوریٹ بریفنگ سیشن کے دوران کیا گیا، جس میں ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے نمائندے بھی شریک تھے۔
رپورٹ کے مطابق ایپل اسٹور لاہور کے ڈولمین مال میں قائم کیا جائے گا اور یہ شیاومی (Xiaomi) کے ریٹیل آؤٹ لیٹ کے ساتھ کام کرے گا۔ یہ پیش رفت ایئرلنک کو گزشتہ سال ستمبر میں ایپل کا پریمیئم پارٹنر مقرر کیے جانے کے بعد سامنے آئی ہے۔ جی نیکسٹ ٹیکنالوجیز، جو کہ پاکستان میں ایپل کی مجاز ڈسٹری بیوٹر ہے، نے ایئرلنک کو ملک میں ایپل مصنوعات کی منظم ریٹیل رسائی کو فروغ دینے کے لیے منتخب کیا تھا۔
ایئرلنک نے اُس وقت کہا تھا کہ یہ شراکت داری صارفین کو آئی فونز، آئی پیڈز، میک بکس، ایپل واچز اور دیگر ایکسیسریز سمیت ایپل کی مکمل مصنوعات تک رسمی ریٹیل چینلز کے ذریعے بہتر رسائی فراہم کرے گی۔
کارپوریٹ بریفنگ کے دوران کمپنی نے یہ بھی بتایا کہ نومبر تک اسے 10,000 ایسَر (Acer) لیپ ٹاپس کی کھیپ موصول ہونے کی توقع ہے۔ یہ مکمل تیار شدہ یونٹس (CBUs) ایک پائلٹ منصوبے کا حصہ ہوں گے، اور اگر منصوبہ کامیاب رہا تو مقامی سطح پر ان کی تیاری شروع کی جائے گی۔
علاوہ ازیں، کمپنی ایک اور موبائل فون برانڈ کو مقامی مینوفیکچرنگ اور ڈسٹری بیوشن کے لیے شامل کرنے پر کام کر رہی ہے، تاہم ٹاپ لائن کے مطابق اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ معاہدہ نہیں ہوا۔
