ترکیے کے شہر استنبول میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور اختتام پذیر ہوگیا مذاکرات ترکیہ کی میزبانی میں ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئے جن میں دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود نے شرکت کی۔
قطر میں ہونے والے ابتدائی مذاکرات میں طے پانے والے نکات پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا فریقین نے سرحدی سلامتی، تجارتی نقل و حمل، اور خطے میں دہشت گردی کے بڑھتے خدشات پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر ترکیہ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان اعتماد سازی کے اقدامات کو آگے بڑھانے کی تجویز بھی پیش کی۔
واضح رہے کہ قطر اور ترکیہ کی ثالثی میں ہونے والے پہلے مذاکرات دوحہ میں منعقد ہوئے تھےجن کے نتیجے میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان عارضی جنگ بندی پر اتفاق ہوا تھا۔
موجودہ کشیدگی کے باعث چمن، خیبر، شمالی و جنوبی وزیرستان اور ضلع کرم میں سرحدی راستے مسلسل 14ویں روز بھی بند ہیں۔
بابِ دوستی، طورخم، خرلاچی، انگور اڈہ اور غلام خان کے راستوں پر سیکڑوں مال بردار گاڑیاں پھنس گئی ہیں
جس سے تجارتی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔