سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی پنجاب کے محکمہ تعلیم نے صوبے میں بڑھتی سردی اور اسموگ کے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکولوں کے اوقات کار میں رد و بدل کا اعلان کر دیا ہے۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق، پیر 27 اکتوبر 2025 سے پنجاب بھر کے تمام سرکاری اور نجی اسکول صبح 8:45 بجے شروع ہوں گے اور 1:30 بجے دوپہر بند ہوں گے۔
حکام کے مطابق یہ اقدام سرد موسم میں طلبا کے لیے اسکول آنے جانے کو محفوظ اور آسان بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ نیا شیڈول صوبائی حکومت کے ان اقدامات کا حصہ ہے جن کا مقصد طلبہ کی صحت اور آرام کو یقینی بنانا ہے۔
پنجاب کے وزیر تعلیم نے والدین، اساتذہ اور طلبا کو آگاہ رکھنے کے لیے سوشل میڈیا پر نئے اوقات کار بھی شیئر کیے۔
دوسری جانب پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے وضاحت کی ہے کہ اسموگ کی موجودہ صورتحال کے باوجود اس سال کسی قسم کے لاک ڈاؤن یا اسکول بند کرنے کے احکامات جاری نہیں کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں ایئر کوالٹی مانیٹرز فعال ہیں اور حکومت فضا کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ اس وقت پنجاب بھر خصوصاً لاہور بری طرح اسموگ کی لپیٹ میں ہے جس کے باعث مختلف بیماریاں پھیلنے کا اندیشہ ہے، حکومت پنجاب اسموگ پر قابو پانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے