لاہور سائنس میلہ 2025 کے اختتام پر پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے ترجمان ڈاکٹر راشد محمود نے کہا ہے کہ ایسے سائنسی میلوں کا انعقاد ملک بھر میں خصوصاً دارالحکومت اسلام آباد میں بھی کیا جانا چاہیے تاکہ نوجوان نسل میں سائنسی تحقیق اور تجسس کو فروغ دیا جا سکے۔
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) نے اس سال بھی خوارزمی سائنس سوسائٹی کے تعاون سے منعقد ہونے والے دو روزہ میلے میں بھرپور شرکت کی۔
ڈاکٹر راشد محمود کے مطابق عوام کی اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ بڑی تعداد میں شرکت نہایت حوصلہ افزا رہی انہوں نے کہا کہ سائنس میلے علم دوستی، تخلیقی سوچ اور تحقیق کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ 2025 کے فاتح طلبہ بھی پی اے ای سی کے اسٹال پر موجود تھے جن سے ملاقات کے لیے شرکاء خاص طور پر پرجوش دکھائی د ئیے۔
یہ طلبہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (پیاس) سے تربیت یافتہ ہیں میلے میں ایک لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی اور سائنسی و تکنیکی نمائشوں، لیزر شوز، حیرت کدہ، انڈور کھیلوں، معلوماتی ورکشاپس اور آڈیٹوریم لیکچرز سے بھرپور لطف اٹھایا۔
ڈاکٹر راشد محمود نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن آئندہ بھی سائنس اور تحقیق کے فروغ کے لیے ایسے پروگرامز میں بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔