فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا اردن کا سرکاری دورہ، شاہ عبداللہ دوم سے اہم ملاقات، دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا اردن کا سرکاری دورہ، شاہ عبداللہ دوم سے اہم ملاقات، دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اردن کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اردن کے ولی عہد شہزادہ الحسن بن عبداللہ بھی موجود تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور شاہ عبداللہ دوم کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی گفتگو کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے اہم علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

فیلڈ مارشل نے پاکستان کے عوام، حکومت اور مسلح افواج کی جانب سے شاہ عبداللہ دوم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی جانب سے اردن کے ساتھ گہرے برادرانہ تعلقات کے لیے غیر متزلزل عزم کا اعادہ بھی کیا۔

شاہ عبداللہ دوم نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور علاقائی امن و استحکام کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ دفاعی اشتراک کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قاہرہ میں مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے اردن کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف میجر جنرل یوسف احمد سے بھی ملاقات کی۔ یہ ملاقات جنرل ہیڈ کوارٹرز عمان میں ہوئی۔ جنرل ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا گرم جوشی سے استقبال کیا گیا۔

اس موقع پر اردنی مسلح افواج کے دستے نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں فیلڈ مارشل اور اردنی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے امور پر بات چیت ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور اردن کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *