پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے میئر کراچی کے حمایت یافتہ 32 ارکان سے باضابطہ لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ ارکان اب پی ٹی آئی کا حصہ نہیں رہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کراچی نے سٹی کونسل کے 32 منحرف ارکان سے باضابطہ طور پر لاتعلقی اختیار کر لی ہے۔ اس سلسلے میں پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکرٹری ارسلان خالد کی جانب سے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو ایک خط ارسال کیا گیا ہے۔
خط میں بتایا گیا ہے کہ پارٹی کی حمایت سے منتخب ہونے والے 32 ارکان کی بنیادی رکنیت ختم کر دی گئی ہے۔ ارسلان خالد نے واضح کیا کہ یہ ارکان اب پاکستان تحریک انصاف کا حصہ نہیں ہیں اور ان کا پارٹی سے کوئی تعلق باقی نہیں رہا۔
خط میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ان 32 ارکان کو پاکستان تحریک انصاف سے منسلک نہ سمجھیں۔ مزید کہا گیا ہے کہ یہ ارکان اب سٹی کونسل میں آزاد حیثیت میں تصور کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کراچی کی جانب سے یہ اقدام پارٹی نظم و ضبط کی مسلسل خلاف ورزیوں کے بعد سامنے آیا ہے۔ پارٹی نے واضح کیا ہے کہ تنظیمی اصولوں کی پاسداری ہر رکن پر لازم ہے، اور خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔