کراچی کے ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے موٹر سائیکل چلانے والوں پر اب سخت کارروائی کی جائے گی اور ایسے شہریوں کو 20 ہزار روپے تک کا چالان کیا جائے گا۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ تمام شہری اپنے ڈرائیونگ لائسنس اپڈیٹ رکھیں، کیونکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر اب کسی کو چھوٹ نہیں دی جائے گی۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ ‘ٹریفک نظام کو مؤثر بنانے کے لیے قانون سب پر یکساں لاگو ہوگا۔’
پیر محمد شاہ کے مطابق ’جو شہری بغیر لائسنس موٹر سائیکل چلاتے پکڑے جائیں گے، ان کے خلاف 20 ہزار روپے جرمانے کے ساتھ قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔ ’اُنہوں نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر کراچی بھر میں گاڑیوں کی اسپیڈ لمٹ 60 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے۔
ڈی آئی جی نے بتایا کہ ’تمام چھوٹی اور بڑی گاڑیوں کے لیے یکساں اسپیڈ لمٹ 60 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، اور اس حد سے زیادہ رفتار پر گاڑی چلانے والوں کو اوور اسپیڈنگ کا ٹکٹ جاری کیا جائے گا‘۔
یہ اقدام شہر میں نافذ کیے گئے فیس لیس ای چالان سسٹم کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، سسٹم کے پہلے ہی دن صرف چھ گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 662 الیکٹرانک چالان جاری کیے گئے، جن کی مجموعی مالیت ایک کروڑ 25 لاکھ روپے سے زائد رہی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ پہلے دن کی خلاف ورزیوں میں اوور اسپیڈنگ کے 419، سیٹ بیلٹ نہ باندھنے کے 1 ہزار 535، ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے کے 507، ریڈ لائن کراس کرنے کے 166، جبکہ لین لائن کی خلاف ورزی کے 3 چالان شامل تھے۔
ڈی آئی جی پیر محمد شاہ نے کہا کہ ’ای چالان سسٹم کے افتتاح کے بعد تکنیکی بہتری کا عمل جاری تھا، مگر اس کے باوجود محض چند گھنٹوں میں بڑی تعداد میں خلاف ورزیاں ریکارڈ ہوئیں، جو شہریوں کے رویے میں بہتری کی فوری ضرورت کو ظاہر کرتا ہے‘۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ’قوانین پر عمل کر کے نہ صرف اپنا بلکہ دوسروں کا بھی تحفظ یقینی بنائیں‘۔