بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان مخالف جھوٹے دعوؤں اور بے بنیاد خبروں کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان دشمنی میں مبتلا بھارتی میڈیا کی ایک اور جھوٹی سازش بھی بے نقاب ہو گئی ہے، وزارت اطلاعات کی وضاحت نے بھارتی پروپیگنڈا کا پول کھول دیا ہے۔
وزارت اطلاعات و نشریات پاکستان نے بھارتی میڈیا کے تازہ ترین پروپیگنڈا کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان نے کسی بھارتی پائلٹ، بالخصوص بھارتی فضائیہ کی خاتون پائلٹ ’شیوانگی سنگھ‘ کو گرفتار نہیں کیا۔
بھارتی نیوز چینل ’ریپبلک ٹی وی‘ نے ایک جھوٹی خبر نشر کی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ پاکستان نے ایک خفیہ آپریشن کے دوران بھارتی فضائیہ کی خاتون پائلٹ شیوانگی سنگھ کو گرفتار کر لیا ہے۔ رپورٹ میں بھارتی صدر کے ساتھ شیوانگی سنگھ کی تصاویر بھی دکھائی گئیں تاکہ اس خبر کو قابلِ اعتماد ظاہر کیا جا سکے۔ تاہم، وزارت اطلاعات پاکستان نے فوری طور پر اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ خبر مکمل طور پر من گھڑت اور جھوٹ پر مبنی ہے۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ’پاکستان نے ’آپریشن بنیان مرصوص‘ کے دوران کسی بھارتی پائلٹ کی گرفتاری کا دعویٰ نہیں کیا، نہ ہی اس نوعیت کی کوئی کارروائی ہوئی ہے۔‘ ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان نے 7 مئی 2025 کے بعد سے بھارت کو کسی بھی پائلٹ کی حوالگی نہیں کی، لہٰذا بھارتی میڈیا کی جانب سے پھیلائی گئی یہ خبر سراسر جھوٹ ہے‘۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھی 11 مئی 2025 کو اپنی پریس کانفرنس میں واضح کیا تھا کہ پاکستان کی تحویل میں کوئی بھارتی پائلٹ موجود نہیں، تمام خبریں فرضی اور بے بنیاد ہیں۔ ان کے مطابق بھارتی میڈیا ایک منظم مہم کے تحت پاکستان کے خلاف نفرت انگیز پروپیگنڈا کر رہا ہے تاکہ بھارتی عوام کی توجہ اپنی حکومت کی ناکامیوں سے ہٹائی جا سکے۔
وزارت اطلاعات نے بھارتی میڈیا کے کردار کو ’شرمناک‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’بھارتی حکومت اور گودی میڈیا نے اپنی ہی صدر کو جھوٹے بیانیے کا حصہ بنا کر اخلاقی اور صحافتی حدود پار کر دی ہیں۔‘ بیان میں مزید کہا گیا کہ ’بھارتی میڈیا نہ صرف خطے میں کشیدگی بڑھانے کا باعث بن رہا ہے بلکہ اپنی جھوٹی خبروں کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر خود کو بھی غیر معتبر بنا چکا ہے۔‘
تجزیہ کاروں کے مطابق ریپبلک ٹی وی اور دیگر بھارتی نیوز چینلز کی جانب سے اس طرح کے جعلی دعوے کوئی نئی بات نہیں۔ ماضی میں بھی بھارتی میڈیا نے پاکستان سے متعلق متعدد بے بنیاد رپورٹس جاری کیں، جنہیں بعد میں خود بھارتی حکام کو جھوٹا قرار دینا پڑا۔
بین الاقوامی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا کی اس پروپیگنڈا مہم سے نہ صرف دونوں ممالک کے تعلقات متاثر ہو رہے ہیں بلکہ بھارت کی صحافتی ساکھ بھی بری طرح مجروح ہو رہی ہے۔ وزارت اطلاعات پاکستان نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اس طرح کی جھوٹی اور اشتعال انگیز رپورٹنگ کا نوٹس لے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے حقائق پر مبنی صحافت کو فروغ دیا جائے۔