نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے کینیڈین ہم منصب انیتا آنند سے ٹیلیفون پر تفصیلی گفتگو کی جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور قریبی روابط برقرار رکھنے پر مکمل اتفاق کیا۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق اس گفتگو میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ باہمی تعاون کو عملی شکل دینے کے لیے نئے مواقع تلاش کیے جائیں خاص طور پر زراعت، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں۔
کینیڈین وزیرِ خارجہ انیتا آنند نے پاکستانی حکومت کی جانب سے کینیڈین کینولا کی برآمدات میں سہولت فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا اور اس اقدام کو دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ کی سمت ایک مثبت قدم قرار دیا۔
دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے اقتصادی روابط کو وسعت دینے، عوامی سطح پر تعلقات مضبوط بنانے اور سیاسی سطح پر قریبی مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کینیڈا کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور باہمی مفادات کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔
دونوں رہنمائوں نے عزم ظاہر کیا کہ آئندہ بھی دوطرفہ رابطوں کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے مسلسل بات چیت جاری رکھی جائے گی تاکہ تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکے۔