وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں صوبے بھر میں ناجائز قبضوں کے خاتمے اور عوام کی ملکیت کے تحفظ کے لیے ’’پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ آف امویبل پراپرٹی آرڈیننس 2025‘‘ کی منظوری دے دی گئی۔
نئے آرڈیننس کے تحت پنجاب کے ہر ضلع میں ڈسپیوٹ ریزولیشن کمیٹیاں قائم کی جائیں گی جو نجی جائیدادوں سے متعلق تنازعات کو عدالت جانے سے پہلے ہی حل کریں گی۔
نئے نظام کے مطابق پنجاب میں اب کسی بھی قبضہ کیس کا فیصلہ 90 دن کے اندر کرنا لازمی ہوگا اگر کسی فریق کو کمیٹی کے فیصلے پر اعتراض ہو تو وہ ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں قائم خصوصی ٹربیونل میں اپیل دائر کر سکے گا۔
خصوصی ٹربیونل بھی اپیل کا فیصلہ 90 دن کے اندر سنانے کا پابند ہوگا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں اب کوئی کسی کی زمین پر قبضہ نہیں کر سکے گا۔
جس کی ملکیت اسی کا حق ہے قبضہ مافیا کا باب ہمیشہ کے لیے بند کر دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ عام آدمی کے لیے چھوٹی سی جائیداد یا اراضی اس کی کل کائنات ہوتی ہے اور بدقسمتی سے مافیا ان کی محنت کی کمائی پر قبضہ کر لیتا تھا اب ایسا نہیں ہوگا۔
وزیراعلیٰ کے وژن کے مطابق ہر ضلع میں 6 رکنی ضلعی ڈسپیوٹ ریزولیشن کمیٹی قائم کی جائے گی جس کا کنوینئر ڈپٹی کمشنر ہوگا جبکہ ڈی پی او اور دیگر متعلقہ افسران بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
حکومت نے ان کمیٹیوں کو 30 دن کے اندر فنکشنل کرنے کا ہدف مقرر کر دیا ہے تاکہ عوام کو فوری ریلیف مل سکے۔آرڈیننس کے تحت فیصلہ ہونے کے بعد 24 گھنٹے کے اندر زمین یا جائیداد قبضہ مافیا سے واگزار کرائی جائے گی۔
عوامی ملکیت ہتھیانے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے پیرا فورس کی خدمات حاصل کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ڈسپیوٹ ریزولیشن کمیٹیوں کی کارروائی کا ڈیجیٹل ریکارڈ رکھا جائے گا جبکہ سماعتوں کی سوشل میڈیا لائیو اسٹریمنگ کے امکان کا بھی جائزہ لیا گیا ہے تاکہ عوامی اعتماد مزید مضبوط ہو۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت نے غریب اور متوسط طبقے کے حقوق کے تحفظ کے لیے تاریخی قدم اٹھایا ہے اب برسوں تک عدالتوں کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے بلکہ زمین سے متعلق مقدمات تیزی اور شفافیت کے ساتھ نمٹائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ماں جیسی ریاست اپنے ہر کمزور شہری کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی کو عوام کی ملکیت پر قبضہ کرنے نہیں دیا جائے گا۔
یہ آرڈیننس صوبے میں ریاستی رِٹ اور عوامی حقِ ملکیت کے تحفظ کی نئی مثال قائم کرے گا پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ یہ قانون قبضہ مافیا کے خلاف فیصلہ کن ضرب ثابت ہوگا اور انصاف اب واقعی عوام کی دہلیز تک پہنچے گا۔