پشاور ہائیکورٹ نے سابق وزیر تعلیم عاطف خان کے خلاف اینٹی کرپشن ریفرنس خارج کر دیا

پشاور ہائیکورٹ نے سابق وزیر تعلیم عاطف خان کے خلاف اینٹی کرپشن ریفرنس خارج کر دیا

پشاور ہائیکورٹ نے سابق صوبائی وزیر تعلیم خیبر پختونخوا عاطف خان کے خلاف اینٹی کرپشن کی جانب سے دائر ریفرنس خارج کرتے ہوئے محکمے کا جاری کردہ نوٹس کالعدم قرار دے دیا ہے۔

عدالت نے عاطف خان کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ مردان میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے قیام کے لیے مبینہ طور پر سرکاری اراضی پر قبضے کے الزامات کی بنیاد پر سات سال بعد انکوائری کا آغاز قانونی طور پر مشکوک اور بدنیتی پر مبنی اقدام ہے۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ یہی معاملہ قومی احتساب بیورو (نیب) پہلے ہی بند کر چکا ہے، اس لیے اینٹی کرپشن کی کارروائی کا کوئی قانونی جواز باقی نہیں رہتا۔

عدالت نے مشاہدہ کیا کہ ریفرنس میں مناسب قانونی بنیادیں موجود نہیں، لہٰذا اسے خارج کیا جاتا ہے۔ اس فیصلے کے نتیجے میں عاطف خان کے خلاف اینٹی کرپشن کے زیر التوا تمام کیسز مؤخر کر دیے گئے ہیں۔

اینٹی کرپشن خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری نوٹس میں عاطف خان پر زمین کی ملکیت، نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کی ترقی کے لیے سرکاری فنڈز کے استعمال، اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ محکمے نے انہیں ہدایت کی تھی کہ وہ الزامات سے متعلق تحریری وضاحت جمع کرائیں۔

واضح رہے کہ اینٹی کرپشن نے عاطف خان کو مالم جبہ منصوبے کی تحقیقات کے سلسلے میں بھی 12 نومبر 2024 کو صبح 10 بج کر 30 منٹ پر طلب کیا تھا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *