پاکستان کو تیل و گیس کے ذخائر سے متعلق بڑی کامیابی مل گئی

پاکستان کو تیل و گیس کے ذخائر سے متعلق بڑی کامیابی مل گئی

وزیراعظم شہباز شریف کے انرجی سیکیورٹی وژن کے تحت پاکستان نے مقامی وسائل کی ترقی میں اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ 20 سال بعد ملک کے سمندری علاقوں میں تیل و گیس کے ذخائر کی دریافت میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے آف شور بڈنگ راؤنڈ میں 23 بلاکس کی کامیاب بولیاں موصول ہوئی ہیں، جس سے ملکی توانائی کے شعبے میں نئی راہیں کھلنے کی توقع ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق پاکستانی سمندری حدود میں تیل و گیس کی تلاش کے پہلے مرحلے میں 80 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔

ڈویژن کے مطابق ڈرلنگ کے دوران سرمایہ کاری کا حجم ایک بلین ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔ کامیاب بولیاں مجموعی طور پر 53 ہزار 510 مربع کلومیٹر رقبے پر محیط ہیں، جو ملکی تاریخ میں ایک نمایاں پیشرفت سمجھی جا رہی ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ انڈس اور مکران بیسن میں بیک وقت ایکسپلوریشن کی حکمتِ عملی کامیاب ثابت ہوئی ہے۔ اس بڈنگ راؤنڈ نے پاکستان کے اپ اسٹریم سیکٹر میں سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کو واضح طور پر ظاہر کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی طلبہ کے لئے خوشخبری، روس کی جانب سے ’’فل فنڈڈ اسکالرشپ پروگرام ‘‘ کا اعلان

کامیاب بڈرز میں ترکی پیٹرولیم، یونائیٹڈ انرجی، اورینٹ پیٹرولیم، فاطمہ پیٹرولیم، او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل، ماری انرجیز اور پرائم انرجی شامل ہیں۔ یہ کمپنیاں مختلف بلاکس میں ایکسپلوریشن کے لیے سرمایہ کاری کریں گی، جس سے ملکی توانائی خودکفالت کے سفر میں تیزی متوقع ہے۔

امریکی ادارے ڈیگلیور اینڈ میکناٹن کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے سمندری علاقوں میں 100 ٹریلین کیوبک فٹ گیس کے ممکنہ ذخائر موجود ہیں۔ آف شور راؤنڈ 2025 کے آغاز کے ساتھ پاکستان نے ان ممکنہ ذخائر سے فائدہ اٹھانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ کامیاب بڈنگ راؤنڈ پاکستان کی معیشت کے لیے نیا سنگِ میل ثابت ہوگا، جس سے نہ صرف توانائی کے بحران میں کمی آئے گی بلکہ ملکی معیشت کو استحکام اور سرمایہ کاری میں فروغ ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان آرمی کا پیشہ ورانہ مہارت میں بڑا اعزاز، کیمبرین پٹرول 2025 میں گولڈ میڈل جیت لیا

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *