مقبوضہ کشمیر کی آزادی وقت کی ضرورت، گلگت بلتستان سی پیک کا دل ہے، صدر آصف علی زرداری

مقبوضہ کشمیر کی آزادی وقت کی ضرورت، گلگت بلتستان سی پیک کا دل ہے، صدر آصف علی زرداری

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان نے 1947 میں جہاد کر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کیا، جبکہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی وقت کی ضرورت بن چکی ہے۔ صدر نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں پر ظلم و ستم جاری ہے اور کشمیریوں کی نسل کشی انتہا کو پہنچ چکی ہے۔

گلگت بلتستان کے ڈوگرہ راج سے آزادی کے 78ویں جشن کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ‘گلگت بلتستان کے عوام کی بہادری تاریخ کا روشن باب ہے، آپ نے 1947 میں جہاد کے ذریعے پاکستان کے ساتھ الحاق کیا، اور اس تاریخی جدوجہد میں آپ کے 1700 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔’

یہ بھی پڑھیں:افغان قیادت نے کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی سے غداری کر کے امت مسلمہ کا دل دکھایا ہے، صدر آصف علی زرداری

صدرِ مملکت نے کہا کہ ‘گلگت بلتستان کے عوام محبِ وطن، دلیر اور قربانی کے جذبے سے سرشار ہیں۔ پاکستان آپ کے عزم و وفاداری پر فخر کرتا ہے۔’ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان تعلیم، صحت اور ترقی کے مواقع کا مستحق ہے۔

‘یہاں ہر وادی میں اسکول ہونا چاہیے، اسپتالوں کو جدید سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں۔ گلگت بلتستان معدنیات سے مالا مال خطہ ہے، اس کے پہاڑ ہمارا مشترکہ سرمایہ ہیں۔ یہاں سیاحت کے وسیع امکانات موجود ہیں، اور خطے کو اپنی ایئرلائن ملنی چاہیے تاکہ سیاحت کو عالمی سطح پر فروغ دیا جا سکے۔’

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی ترقی کا مظہر ہے اور گلگت بلتستان اس منصوبے کی کامیابی میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔ ‘چین ہمارا قابلِ اعتماد دوست اور شراکت دار ملک ہے اور سی پیک کا دوسرا مرحلہ کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔’

انہوں نے مزید کہا کہ ‘ہم گلگت بلتستان کو دیگر صوبوں کی طرح ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں۔ گلگت بلتستان ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا۔’

مزید پڑھیں:دنیا ’انقلابی تبدیلیوں‘ سے گزر رہی ہے لیکن پاک چین دوستی مزید مضبوط ہو رہی ہے، صدر آصف علی زرداری

صدرِ مملکت کی آمد پر گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور وزیراعلیٰ حاجی گلبر خان نے مہمانِ خصوصی کا استقبال کیا۔ اس موقع پر گورنر نے صدر کو روایتی ثقافتی ٹوپی پہنائی، جبکہ صدر نے یومِ آزادی پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔ تقریب میں پاک فوج، پولیس اور گلگت اسکاؤٹس کے دستوں نے سلامی پیش کی، جبکہ بچوں نے ملی نغمے پیش کیے۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ‘بھارت میں مسلمانوں کے خلاف ظلم کا بازار گرم ہے، مقبوضہ کشمیر طویل عرصے سے بھارتی مظالم کا شکار ہے۔’ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کے ساتھ ہیں اور قومی دھارے میں مکمل شمولیت چاہتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ‘ہم فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اگر ملک پر کسی بھی قسم کی جارحیت ہوئی تو ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ وطن کا دفاع کریں گے۔’

صدر آصف علی زرداری نے تقریب کے اختتام پر کہا کہ ‘گلگت بلتستان میرا گھر ہے۔ یہاں کے عوام کی بہادری اور قربانیاں پاکستان کی تاریخ کا لازوال حصہ ہیں۔ ہم ان شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے آزادی اور الحاقِ پاکستان کے لیے اپنی جانیں نثار کیں۔’

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی، فلاح و بہبود اور محرومیوں کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *