اسلام آباد ٹریفک پولیس اہلکاروں پر حملہ آور شہری گرفتار، پولیس کو جان سے مارنے کی دھمکیاں، ویڈیو وائرل

اسلام آباد ٹریفک پولیس اہلکاروں پر حملہ آور شہری گرفتار، پولیس کو جان سے مارنے کی دھمکیاں، ویڈیو وائرل

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹرآئی-8 میں ایک شہری نے نشے کی حالت میں ٹریفک پولیس اہلکار پر تشدد کیا اور انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ شخص کو گرفتار کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب : پبلک ٹرانسپورٹ میں اوورچارجنگ کی شکایات کے لیے ہیلپ لائن کا آغاز

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹریفک پولیس اہلکاروں  نے گاڑی کو اس وقت روکا جب ڈرائیور مشکوک انداز میں گاڑی چلا رہا تھا۔ ٹریفک پولیس اہلکاروں  کے روکنے پر شہری طیش میں آ گیا اور گاڑی سے باہر نکل کر موقع پر ہی پولیس اہلکاروں پر حملہ آور ہو گیا ، پولیس اہلکاروں کو دھکے دیے اور تھپڑ مارے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہری اہلکار کو دھمکیاں دیتے ہوئے بدزبانی کر رہا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق واقعہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب پیش آیا۔ مذکورہ شخص نشے میں دھت تھا اور گاڑی انتہائی غیر محتاط انداز میں چلا رہا تھا۔ پولیبس اہلکاروں نے معمول کے مطابق کاغذات طلب کیے تو ملزم نے بدتمیزی شروع کر دی۔

ترجمان اسلام آباد پولیس نے تصدیق کی ہے کہ ’آئی-8 کے علاقے میں ٹریفک پولیس اہلکار پر حملہ کرنے والے شہری کی شناخت کر لی گئی ہے اور اس کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔‘ ترجمان کے مطابق، ’قانون سب کے لیے برابر ہے، کسی کو بھی پولیس اہلکار پر ہاتھ اٹھانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔‘

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جس میں پولیس اہلکار پر حملہ، سرکاری کام میں مداخلت اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزم کی گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی ہے اور اس کے خون کے نمونے ٹیسٹ کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں تاکہ شراب یا منشیات کے استعمال کی تصدیق کی جا سکے۔

سی سی پی او اسلام آباد نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ’پولیس اہلکاروں کے ساتھ بدتمیزی یا تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’ٹریفک وارڈنز عوام کی خدمت کے لیے ہیں، ان پر حملہ دراصل ریاستی عملداری کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔‘

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *