بابر اعظم اور سلمان علی آغا کی دلچسپ گفتگو کی ویڈیو وائرل، ڈریسنگ روم میں قہقہے گونج اٹھے

بابر اعظم اور سلمان علی آغا کی دلچسپ گفتگو کی ویڈیو وائرل، ڈریسنگ روم میں قہقہے گونج اٹھے

جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹی20 میچ میں شاندار کامیابی کے بعد قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا اور اسٹار بیٹر بابر اعظم نے پی سی بی ڈیجیٹل پر ایک دلچسپ گفتگو کی، جس میں دونوں کھلاڑیوں نے میچ کی حکمتِ عملی، بیٹنگ کے تجربات اور کامیابی کے لمحات پر دلچسپ گفتگو کی۔

’جہاں موقع ملا، وہیں چانس لیا‘

گفتگو کے دوران بابراعظم نے بتایا کہ میچ کے دوران اسپنرز کے خلاف کھیلنا تھوڑا مشکل ہو گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’بیٹنگ کے دوران ایک موقع پر اسپنرز کے سامنے مشکل پیش آئی، تو میں نے اور سلمان نے یہی پلان کیا کہ جہاں موقع ملے گا اور گیند رینج میں آئے گا تو وہاں چانس لیں گے۔‘

یہ سنتے ہی سلمان علی آغا نے ہنستے ہوئے پوچھا، ’تو آیا پھر رینج میں؟‘ جس پر دونوں کھلاڑی قہقہے لگانے لگے اور لمحہ خوشگوار ماحول میں بدل گیا۔ سلمان آغا نے کہا آج ما شا اللہ بابراعظم نے 70 رنز کیتے، پنجاب میں پوچھا’ آج کینے اسکور کیتے‘ ؟ 70 ہی کیتے؟ ۔

بابر اعظم کا عزم، ‘اپنے شاٹس پر رہا، خود کو کم بیک کیا‘

بابراعظم نے کہا کہ وہ اپنی پرفارمنس پر فوکس کیے ہوئے تھے۔ ’میں اپنے شاٹس پر رہا، خود پر یقین رکھا اور الحمدللہُ میچ جیت گئے۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ، ’کبھی کبھی چیزیں آپ کے ہاتھ میں نہیں ہوتیں۔ لیکن میں نے ہمیشہ مثبت سوچ رکھی اور ٹریننگ پر فوکس رکھا۔ امید تھی کہ اچھے دن واپس آئیں گے۔‘

سلمان علی آغا کی تعریف اور مزاح

سلمان علی آغا نے بابر کی اننگز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ، ’آپ کی پرفارمنس سے پوری ٹیم اور پورا پاکستان خوش ہوتا ہے۔ جب آپ رنز بناتے ہیں تو ہمیں لگتا ہے کہ ہم کچھ بھی جیت سکتے ہیں۔‘

یہ بھی پڑھیں:ٹی20 انٹرنیشنل میں بابر اعظم نے شاہد آفریدی کا ناپسندیدہ ریکارڈ برابر کردیا

انہوں نے مزاحیہ انداز میں بابر سے پوچھا، ‘یہ بتاؤ، بیٹنگ کے دوران اتنا بھگایا کیوں مجھے؟‘ بابر نے مسکراتے ہوئے جواب دیا، ’آپ نے ہی زیادہ ڈبل رنز لیے۔ آپ کپتان ہیں، میں نے تو آپ کے پلان پر ہی عمل کیا۔‘

بابر اعظم کے ورک ایتھکس پر سلمان علی آغا کا خراجِ تحسین

گفتگو کے اختتام پر کپتان سلمان علی آغا نے بابر اعظم کی محنت، نظم و ضبط، اور مستقل مزاجی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ’جب بابر پرفارم نہیں کر رہا ہوتا تو وہ مایوس نہیں ہوتا۔ اس کے ورک ایتھکس لاجواب ہیں۔ وہ ہر روز پریکٹس کرتا ہے، اپنی فیلڈنگ پر کام کرتا ہے، اور یہی چیزیں اُسے بڑا کھلاڑی بناتی ہیں۔‘

بابر کا عزم برقرار

بابراعظم نے کہا کہ وہ اپنی فارم بحال کرنے کے لیے مسلسل محنت کر رہے ہیں۔ ‘میں نے ہمیشہ یہی کوشش کی ہے کہ ٹیم کے لیے کھیلوں۔ جب پرفارمنس آتی ہے تو خوشی ضرور ہوتی ہے، لیکن اصل کامیابی ٹیم کی جیت میں ہے۔‘

جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیریز میں برتری حاصل کی، جس میں بابر اعظم کی پُراعتماد بیٹنگ اور سلمان علی آغا کی قائدانہ حکمتِ عملی نمایاں رہی۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *