اسلام آباد ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ایک اہم اور جدید ڈیجیٹل سہولت متعارف کرائی ہے جس کے تحت اوورسیز پاکستانی اب دنیا کے کسی بھی حصے سے اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر کا عمل باآسانی مکمل کر سکیں گے۔
یہ سہولت پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے فراہم کی گئی ہے جو نادرا کے نظام سے منسلک ہے اور مکمل طور پر محفوظ بایومیٹرک تصدیق کے عمل پر مبنی ہے۔
ڈائریکٹر ایکسائز بلال اعظم کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں معمول کے پیچیدہ سرکاری مراحل سے گزرنے کی ضرورت نہ پڑے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں اوورسیز پاکستانیوں کو گاڑی کی رجسٹریشن یا ٹرانسفر کے لیے پاکستان میں اپنے نمائندے کو وکالت نامہ بھیجنا پڑتا تھا یا سفارتخانوں کے ذریعے تصدیق کا عمل مکمل کرنا ہوتا تھا جو نہ صرف وقت طلب بلکہ مہنگا بھی ثابت ہوتا تھا۔
یہ خبر بھی پڑھیں :عوام کیلئے خوشخبری ، نادرا کیجانب سے اہم سہولت متعارف
بلال اعظم نےمزید کہا کہ اب اس پورے عمل کو ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے صارفین کو صرف پاک آئی ڈی ایپ انسٹال کرنی ہے جس پر وہ اپنی شناختی معلومات اور بائیومیٹرک تصدیق جمع کرائیں گے۔
اس کے بعد محکمہ ایکسائز ان کے ڈیٹا کی تصدیق کرے گا اور گاڑی کے ٹرانسفر یا رجسٹریشن کو مکمل کیا جا سکے گا اس نظام کے ذریعے نہ صرف وقت اور اخراجات میں بچت ہوگی بلکہ جعلی یا غیر قانونی ٹرانسفرز کا امکان بھی ختم ہو جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایپ کے ذریعے کی جانے والی بائیومیٹرک تصدیق اب شناخت کے ثبوت کے طور پر قبول کی جائے گی اس لیے صارفین کو علیحدہ ٹرانسفر آرڈر فارم جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
یہ خبر بھی پڑھیں :وزیراعظم کا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بڑا اعلان

