پاکستان جلد علاقائی تجارتی ہب بننے جا رہا ہے، وفاقی وزیر احسن اقبال

پاکستان جلد علاقائی تجارتی  ہب بننے جا رہا ہے، وفاقی وزیر احسن اقبال

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ڈیویلپمنٹ اینڈ اسپیشل انیشیئیٹوز احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان وسط ایشیائی، مشرقِ وسطیٰ اور جنوبی ایشیائی ممالک کے لیے ایک علاقائی تجارتی مرکز (ٹریڈ ہب) بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا جغرافیائی محلِ وقوع اسے عالمی تجارت کے لیے ایک قدرتی پل کا درجہ دیتا ہے۔

احسن اقبال پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس 2025 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں، نیول افسران اور تجارتی ماہرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں:سی پیک کا دوسرا مرحلہ شروع، چینی کمپنیوں کوسرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول مہیا کریں گے،احسن اقبال

وفاقی وزیر احسن اقبال  نے کہا کہ پاکستان نے میرین اور میری ٹائم سیکٹر میں نمایاں ترقی کی ہے اور اگر ماضی میں ترقی کا سفر سیاسی عدم استحکام سے نہ رُکتا تو آج پاکستان دنیا کی ساتویں بڑی معیشت ہوتا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اپنی تجارتی بندرگاہوں، ساحلی معیشت اور لاجسٹکس انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کر کے عالمی سطح پر مسابقت حاصل کر سکتا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ گوادر پورٹ اور چین پاکستان اقتصادی راہداری جیسے منصوبے پاکستان کو عالمی بحری تجارت میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے نئی راہیں فراہم کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے سمندری ماحولیات کے تحفظ پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں سمندری حیات کے تحفیظ کے لیے مزید کام کرنا ہوگا کیونکہ پائیدار ترقی کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے ایک پُرکشش ملک ہے، خاص طور پربلیو اکونومی، توانائی، بندرگاہی ترقی، شپنگ، فشریز اور میری ٹائم ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاروں کے لیے بے شمار مواقع موجود ہیں۔

مزید پڑھیں:فوج کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے : وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال

احسن اقبال نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان مستقبل میں دنیا کے لیے ایک اہم سمندری تجارتی راستہ ثابت ہوگا، جو ایشیا، مشرق وسطیٰ اور یورپ کو جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت میری ٹائم معیشت کے فروغ کے لیے ایک جامع پالیسی پر کام کر رہی ہے تاکہ ساحلی علاقوں میں روزگار کے مواقع بڑھائے جا سکیں اور پاکستان کی عالمی تجارت میں حصہ داری کو مستحکم بنایا جا سکے۔

کانفرنس کے اختتام پر احسن اقبال نے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ وقت پاکستان کے سمندری امکانات کو حقیقت میں بدلنے کا ہے۔‘

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *