فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس دہندگان کے لیے ایک اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو افراد یا ادارے مقررہ تاریخ تک اپنے ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کرا سکے، وہ اب 15 نومبر 2025ء تک آن لائن توسیع کی درخواست دے سکتے ہیں۔
یہ سہولت ان تمام ٹیکس دہندگان کے لیے فراہم کی گئی ہے جو کسی مجبوری یا تکنیکی وجوہات کی بنا پر مقررہ مدت کے اندر گوشوارے جمع نہیں کرا سکے اور ان ٹیکس دہندگان کی حیثیت کا تعین 2024ء میں جمع کرائے گئے گوشواروں کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
اس کا مطلب ہے کہ جو افراد 2024ء کے دوران اپنے ٹیکس گوشوارے باقاعدگی سے جمع کرا چکے ہیں، وہ 2025ء میں بھی ایکٹیو ٹیکس دہندگان (ATL) کی فہرست میں شامل رہیں گے۔
اعلامیے میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ جن افراد نے مقررہ وقت کے اندر توسیع کی درخواست جمع کرادی ہے، انہیں ایکٹیو ٹیکس دہندگان کی فہرست (ATL) سے خارج نہیں کیا گیا۔ ایف بی آر کے مطابق 15 نومبر 2025ء تک تمام نئے فائلرز کو بھی ATL فہرست میں شامل کرلیا جائے گا، تاکہ انہیں ریگولر ٹیکس دہندگان کی طرح تمام فوائد حاصل رہیں۔
ایف بی آر نے یہ بھی بتایا کہ دستی طور پر گوشوارے جمع کرانے کا طریقہ کار مکمل طور پر ختم کردیا گیا ہے۔ اب تمام گوشوارے صرف اور صرف آن لائن نظام کے ذریعے ہی جمع کرائے جا سکیں گے۔ اس اقدام کا مقصد شفافیت میں اضافہ اور ٹیکس نظام کو ڈیجیٹل بنیادوں پر استوار کرنا ہے۔