متحدہ عرب امارات میں دبئی کے ولی عہد اور ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے متحدہ عرب امارات کے سالانہ حکومتی اجلاس میں اہم اور انقلابی منصوبوں کی منظوری دے دی ہے، جن کا مقصد دبئی کو دنیا کے سب سے خوبصورت، پائیدار اور قابلِ رہائش شہروں میں شامل کرنا ہے۔ ان منصوبوں کے ذریعے دبئی میں کم از کم 15 ہزار نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق منظور کیے گئے منصوبوں میں تعلیم، صحت، ماحولیات، کھیل، مالیات اور روزگار کے شعبوں میں جامع اصلاحات شامل ہیں۔ ان منصوبوں میں جدید اور سستے نجی اسکولز کا قیام، عوامی پارکس کی توسیع، ایوی ایشن ٹیلنٹ پروگرام، مالیاتی دیوالیہ پن عدالت کے قیام اور کینسر کی ابتدائی تشخیص کے نظام کی تشکیل جیسے اقدامات شامل ہیں۔
شیخ حمدان نے کہا کہ یہ منصوبے دبئی کی طویل المدتی معاشی حکمتِ عملی کا حصہ ہیں جس کا مقصد اماراتی معیشت کو دگنا کرنا اور نجی شعبے میں 65 ہزار اماراتی شہریوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دبئی کا وژن ہر شہری کو خوشحال، صحت مند اور پُرامن زندگی کے مساوی مواقع فراہم کرنا ہے۔
حکومتی اجلاس میں اسپورٹس سیکٹر اسٹریٹجک پلان 2033 کو بھی منظور کر لیا گیا، جو دبئی کو کھیلوں کے عالمی مرکز کے طور پر اُبھارنے کے لیے ایک جامع فریم ورک فراہم کرے گا۔ یہ منصوبہ 19 پروگرامز اور 75 اقدامات پر مشتمل ہے اور اس کا بنیادی ہدف نوجوانوں، خواتین اور خصوصی افراد کو کھیلوں کے شعبے میں آگے لانا ہے۔
شیخ حمدان بن محمد نے کہا کہ ‘یہ اقدامات نہ صرف دبئی کی معیشت کو مستحکم کریں گے بلکہ عالمی سطح پر دبئی کی شناخت کو ایک پائیدار، جدید اور انسانی فلاح پر مبنی شہر کے طور پر مزید مضبوط بنائیں گے۔’
ماہرین کے مطابق ان منصوبوں کی منظوری سے دبئی میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور شہریوں کے معیارِ زندگی میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔ دبئی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ان منصوبوں پر عملدرآمد آئندہ برس کے آغاز سے مرحلہ وار شروع کیا جائے گا۔