مہنگائی کے بڑھتے رجحان نے متوسط اور غریب طبقے کی زندگی مزید مشکل بنا دی ہے، برائلر گوشت کی قیمت میں 22 روپے تک کا اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے بعد فی کلو برائلر گوشت 439 روپے تک پہنچ گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق فارم سے برائلر گوشت کی قیمت 275 روپے، تھوک میں 289 روپے اور پرچون میں 303 روپے رہی، اس مہنگائی نے عام صارفین کی خریداری کی طاقت متاثر کی ہے اور روزمرہ کی ضروریات پوری کرنا مشکل بنا دیا ہے۔
اس کے علاوہ فارمی انڈے بھی مہنگائی کی لپیٹ میں ہیں اور ان کی قیمت میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ درجن کے حساب سے انڈے کی قیمت اب 342 روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ 10 ہزار کے پیٹی کی قیمت 10,140 روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔
حکومت اور متعلقہ اداروں سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ مارکیٹ میں ضروری اشیاء کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کریں تاکہ عام شہریوں کو سہولت میسر ہو اور خوراک کی مہنگائی کا بوجھ کم کیا جا سکے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ مہنگائی کا رجحان جاری رہا تو یہ معاشرتی اور اقتصادی دباؤ میں اضافہ کا باعث بن سکتا ہے۔