پاکستان میں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی پی) نے اسٹارٹ اپس اور نئی قائم ہونے والی کمپنیوں کے لیے کارپوریٹ بینک اکاؤنٹس کھولنے کے عمل کو تیز اور سہل بنانے کے لیے اہم قدم اٹھایا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایس ای سی پی نے اس حوالے سے ڈیجیٹل بینکوں کے ساتھ ایک مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں، اس شراکت داری کے تحت، کارپوریٹ بینک اکاؤنٹس کھولنے کے لیے ایک محفوظ اے پی آئی (API) پر مبنی انضمام کیا جائے گا۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ کمپنیوں کو اب ایک ہی دن میں اپنا بینک اکاؤنٹ کھولنے کی سہولت حاصل ہو گی، جس سے کاروباری عمل کی تیز رفتاری اور شفافیت میں اضافہ ہو گا۔
اس سے پہلے ایس ای سی پی نے ایک معیاری فارمیٹ متعارف کروایا تھا جس کے تحت بورڈ قراردادوں کو یکساں بنایا گیا تھا تاکہ کارپوریٹ اکاؤنٹس کھولنے کا عمل آسان اور شفاف ہو سکے، اس اقدام کا مقصد پاکستان میں رجسٹرڈ کمپنیوں کے لیے بینکنگ کے عمل کو ہموار اور مؤثر بنانا ہے۔
دستخط کی تقریب میں ایس ای سی پی کے کمشنر ذیشان رحمان خٹک، چیئرپرسن عاکف سعید اور مختلف تنظیموں کے سینئر عہدیداروں نے شرکت کی ، چیئرپرسن ایس ای سی پی عاکف سعید نے اس موقع پر ڈیجیٹل بینکوں کے ساتھ تعاون کی اہمیت پر زور دیتے کہا کہ اس تعاون سے ایس ای سی پی کی مالیاتی مصنوعات کو تقسیم کرنے کے مواقع بھی بڑھیں گے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایس ای سی پی کا مقصد کاروبار کے لیے آسانی فراہم کرنا، مالی شمولیت کو فروغ دینا اور کمپنیوں کو فوری طور پر رسمی مالیاتی چینلز تک رسائی فراہم کرنا ہے ، یہ اقدام پاکستان میں کاروباری ماحول کو ڈیجیٹل طور پر مزید منسلک اور اسٹارٹ اپ دوست بنانے کی سمت میں ایک اور اہم سنگ میل ہے۔