ملک بھر میں موسم سرد و خشک، پنجاب کے میدانی علاقوں میں سموگ کا امکان

ملک بھر میں موسم سرد و خشک، پنجاب کے میدانی علاقوں میں سموگ کا امکان

محکمۂ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات  کے مطابق  وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، مری، گلیات، خیبر پختونخوا کے متعدد اضلاع اور آزاد کشمیر میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ رات کے اوقات میں درجہ حرارت مزید کم ہونے کی توقع ہے۔

پنجاب کے بیشتر شہروں میں بھی موسم سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے تاہم صوبے کے میدانی علاقوں، خصوصاً لاہور، فیصل آباد، شیخوپورہ، گوجرانوالہ اور ملتان ڈویژن میں سموگ  برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق کم درجہ حرارت اور فضائی آلودگی کے باعث اسموگ میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

ادھر بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی موسم خشک اور سرد رہنے کی توقع ہے، خاص طور پر کوئٹہ، زیارت، قلات اور چمن کے مقامات پر رات کے وقت درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔

مزید پڑھیں:کہاں موسم خشک رہے گا، کہاں بارش، برف باری ہوگی، محکمہ موسمیات کی ہفتہ بھر کے لیے پیش گوئی

دوسری جانب، سندھ کے بیشتر اضلاع، خصوصاً کراچی، حیدرآباد، بدین اور تھرپارکر میں موسم قدرے گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوا۔ اسلام آباد، لوئر دیر، کالام، مالم جبہ، بالاکوٹ، ایبٹ آباد اور مظفرآباد میں ہلکی بارش اور ژالہ باری ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔

 سب سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ، سکردو میں منفی 1 اور بابوسر میں 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ،  محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران بالائی علاقوں میں مزید ٹھنڈ بڑھنے کا امکان ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *