وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی جانب سے سیکورٹی فورسز سے متعلق حالیہ بیان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک کے دفاع اور امن و امان کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے بہادر سپاہیوں اور افسروں کے خلاف منفی بیانات نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہیں بلکہ یہ قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی دانستہ کوشش معلوم ہوتی ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ایسے بے بنیاد اور گمراہ کن الزامات وہی لوگ لگا سکتے ہیں جو قومی سلامتی کی اہمیت کو نہیں سمجھتے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جو قربانیاں اور کارنامے سرانجام دئیے وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور دنیا ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور قومی خدمت کو تسلیم کرتی ہے۔
یہ خبربھی پڑھیں :چیئرمین علمائے کونسل مولانا طاہر اشرفی کا وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے بیان پر شدید ردعمل
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ کا بیان نہ صرف حقیقت کے منافی ہے بلکہ دشمن عناصر کے بیانیے کی تائید کے مترادف ہے۔
محسن نقوی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے غیر سنجیدہ تبصرے ان شہیدوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے برابر ہیں جنہوں نے ملک میں امن بحال کرنے کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ سیکورٹی فورسز نے خصوصاً خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اور یہ بات کسی سے پوشیدہ نہیں کہ وہاں کے عوام اور فورسز کے جوانوں نے مل کر دہشت گردی کی جڑیں اکھاڑنے میں بنیادی کردار ادا کیا۔
یہ خبربھی پڑھیں :دہشتگردی کے خاتمےکیلئے وزیراعظم نے سہیل آفریدی کو تعاون کی پیشکش کی: وزیر اطلاعات عطاتارڑ
محسن نقوی نے کہاکہ ایک صوبے کے سربراہ کو چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرے اور ایسے بیانات سے گریز کرے جو قومی اداروں کی ساکھ کو متاثر کریں انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا قوم اور شہداء کے لواحقین سے معافی مانگیں کیونکہ ان کے الفاظ نے عوامی جذبات کو مجروح کیا ہے۔
وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ سیکورٹی فورسز کے خلاف کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی یا بے بنیاد الزام تراشی برداشت نہیں
کی جائے گی کیونکہ یہ ادارے ہی ملک کے امن، استحکام اور بقاء کی ضمانت ہیں۔