وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا ہےذرائع کے مطابق وزیراعظم آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوں گے اور ملکی سیاسی، معاشی اور سلامتی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے اجلاس میں کابینہ کے اہم اراکین، متعلقہ وزارتوں کے حکام اور اعلیٰ سرکاری افسران شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے تمام حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اجلاس میں مکمل تیاری کے ساتھ شریک ہوں اور جاری منصوبوں سمیت حکومتی اصلاحاتی اقدامات پر جامع رپورٹس پیش کریں۔
اجلاس میں ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا جبکہ عوامی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ متوقع ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سلامتی کی مجموعی صورتحال اور داخلی استحکام کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ملک میں جاری معاشی اصلاحات کے عمل کو تیز کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کریں گے اور متعلقہ اداروں کو اہداف کے حصول کے لیے واضح ہدایات دیں گے۔ اجلاس میں توانائی کے شعبے، سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے مواقع بڑھانے سے متعلق امور پر بھی بات چیت متوقع ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اپنے دو روزہ سرکاری دورے پر آذربائیجان کے دارالحکومت باکو پہنچے، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ ایئرپورٹ پر آذربائیجان کے اوّل نائب وزیراعظم یعقوب ایوبوو نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے اہم ملاقات بھی کی، جس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی، تجارتی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔